وزیر اعظم شہباز شریف نون لیگ کی صدارت سے مستعفی
شیئر کریں
حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی داخلی سیاست میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی صدارت سے استعفیٰ دیدیا ۔ شہباز شریف نے دو روز قبل پارٹی کے سیکرٹری جنرل کو اپنے فیصلے سے تحریری آگاہ کر دیا تھا۔پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے شہبازشریف کے استعفے کی کاپی میڈیا کو جاری کردی ۔ شہباز شریف نے استعفیٰ میں لکھا کہ پارٹی اصولوں اور اقدار کے ساتھ پختہ وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے جماعت کی تاریخ کے اہم موقع پر یہ تحریر لکھ رہا ہوں، 2017میں قائد محمد نوازشریف سے ناحق وزارت عظمی اور جماعت کی صدارت چھین لی گئی ، ہماری جماعت اور قیادت نے تمام مشکلات کا جرأت اور ثابت قدمی سے مقابلہ کیا، دورابتلا و آزمائش میں قائد محمد نوازشریف نے جماعت کی صدارت کی امانت مجھے سونپی تھی۔ شہبازشریف نے مزید کہا کہ 2024کے عام انتخابات کے بعد جماعت نے مجھے وزیراعظم بنایا، اپنے محبوب قائد محمد نوازشریف سے غیرمتزلزل وفاداری کا عہد دُہراتا ہوں، احساس ذمہ داری اور جماعت کے اصولوں کے مطابق عہدے سے استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب نے اجلاس میں نواز شریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے کی قرار داد منظور کررکھی ہے ۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 28مئی کولاہور میں طلب کیا گیا ہے جس میں نواز شریف کو پارٹی کا صدر منتخب کیا جائے گا۔پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آئین کی شق 15کے تحت بلایا گیا ہے ۔