میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شہرقائدپربراوقت پھر نہیں آنے دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

شہرقائدپربراوقت پھر نہیں آنے دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک
هفته, ۱۴ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

کراچی میں گزشہ روز ہونے والے دھماکے کا ذکر کرتے ہوئے جس میں 24 سالہ لڑکا جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے تھے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت کراچی پر برا وقت نہیں آنے دے گی اور کراچی کے ایک ایک علاقے میں دہشت گردوں کا سراغ لگا کر ان کا مکمل خاتمہ کرے گی۔صوبے میں ایک بھی قتل ناقابل قبول ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔میرا پختہ یقین ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا زبان نہیں ہوتی۔ وہ نہ تو پاکستانی اور نہ ہی انسان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں 17ویں ’’مائی کراچی نمائش‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی تقریب میں سندھ کے وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ خان دھاریجو، سندھ کے وزیر محنت سعید غنی، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وقار مہدی، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی جاوید بلوانی، جنرل سیکریٹری بی ایم جی اے کیو خلیل، کے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس، سینئر نائب صدر عبدالرحمان نقی، نائب صدر قاضی زاہد حسین، کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین اور سفارت کاروں کے علاوہ سینئر بیوروکریٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 2013 کے بعد جب شہر دنیا کے خطرناک ترین شہروں میں 7ویں نمبر پر تھا تو ایسے وقت میں پوری قوم نے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا جس کی بدولت کراچی میں امن و استحکام لوٹ آیا اور آج شہر جرائم کے انڈیکس میں بہتر مقام پر ہے۔ انہوں نے بزنس مین گروپ کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے مرحوم سراج قاسم تیلی کو ان کی قابل ستائش خدمات پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تمام نمائش کنندگان،سفارتکاروں اور دیگر شرکاء کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نتیجہ خیز ثابت ہوگی کیونکہ کراچی ایک متحرک شہر ہے جس میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ایکسپو سینٹر میں آج کا ہاؤس فل اور اتنے زیادہ سفارتکاروں کی موجودگی صاف ظاہر کرتی ہے کہ وہ پاکستانی عوام اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم رہنے پر یقین رکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ بہت سے لوگ مجھ سے اتفاق نہیں کریں گے لیکن میں دل کی گہرائیوں سے کہہ رہا ہوں کہ کراچی جو قومی خزانے میں 70 فیصد حصہ ڈالتا ہے اس میں 90 فیصد بھی حصہ ڈالنے کی صلاحیت ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ باقی سندھ اور پاکستان بھی ترقی کریں اور ٹیکس ادا کریں۔میرا تعلق سہون سے ہے اور میں سہون کو اس حد تک ترقی کرتا دیکھنا چاہتا ہوں کہ اس کی آمدنی میں بھی 70 فیصد حصہ ڈالے۔چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ گزشتہ رات ہونے والے شدید دھماکے کے باوجود ایکسپو سینٹر میں وزیراعلی، صوبائی وزراء اور سفارتکاروں کی ’’مائی کراچی‘‘ نمائش میں شرکت شہر کی تاجر برادری کی ثابت قدمی کو ظاہر کرتی ہے۔کراچی برداشت کا مظاہرہ کرتا رہے گا اور دہشت گرد اور دیگر ریاست دشمن عناصر جو کچھ کرتے رہے ہیں ہم ان کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔انہوں نے سفارتکاروں سے درخواست کی کہ وہ ہمارا یہ پیغام اور نمائش میں اجاگر کی جانے والے شہر کی صلاحیت کو بھی اپنے ملکوں تک پہنچائیں۔انہوں نے مرحوم سراج تیلی کو ان کی نہ صرف تاجر برادری بلکہ کراچی والوں کے لیے بھی بے مثال خدمات پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی چیمبر اور تمام بی ایم جی اینز سراج تیلی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں جنہیں ان کی بہادری اور خدمات کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک کی صرف 10 فیصد آبادی والا شہر کراچی برآمدات کے لحاظ سے 54 فیصد سے زیادہ حصہ ڈالتا ہے لیکن خدشہ ہے کہ یہ حصہ کم ہو جائے گا کیونکہ کچھ لوگ کراچی میں تیز رفتار ترقی نہیں دیکھنا چاہتے اسی لیے توانائی کا بحران پیدا کیا گیا ہے اور پیر سے صنعتوں کو گیس دستیاب نہیں ہے جبکہ آر ایل این جی بھی نہیں دی جا رہی جو کہ انتہائی غیر منصفانہ ہے اورسمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے مشکل ماحول میں جہاں ایکسپو سینٹر کے اے سی بمشکل کام کر رہے ہیں اور گزشتہ رات بجلی بھی نہیں تھی اس کے باوجود اسٹال لگانے پر نمائش کنندگان کی تعریف کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں