اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ہراساں کرنے سے روک دیا
جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۴ اپریل ۲۰۲۲
شیئر کریں
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی ایکو سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔ ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کے گھروں پر چھاپوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کے وکیل فیصل چودھری ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے وکیل فیصل چودھری سے استفسار کیا کہ آپ کو پتہ ہے کہ عدالت نے ایف آئی اے کو کس طرح ڈیل کیا؟ فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ روز جو یہ سب کرا رہے تھے وہ آج ان کے ساتھ ہیں، چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے فیصل چودھری سے مکالمہ کیا کہ یہ ذومعنی سی بات آپ نے کی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ کو جمعہ کو (کل) ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور ہدایت کی کہ ایف آئی اے کسی طور بھی سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ہراساں نہ کرے۔