میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شرپسندوں کوامن خراب نہیں کرنے دیں گے،عمران خان

شرپسندوں کوامن خراب نہیں کرنے دیں گے،عمران خان

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۴ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں تمام 27 نکاتی ایجنڈا کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں مذہبی جماعت کے احتجاج سے پیدا صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی،شرپسندوں کوامن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان کو کورونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور ملک میں کوویڈ ویکسینیشن سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی اور رمضان بازاروں میں کورونا وبا سے متعلقہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی ا سٹور کارپوریشن نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 20کلو آٹے کا تھیلا 800روپے ، چینی 68روپے فی کلو اور گھی 170 روپے فی کلو پر ملک بھر کے یوٹیلٹی ا سٹورز پر دستیاب ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کے اس وقت یوٹیلٹی سٹورز سے یومیہ 2600 ٹن آٹا ، 2000 ٹن چینی اور 1200 ٹن گھی فروخت ہو رہا ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد نے آگاہ کیا کہ اسلام آباد میں متعد دمقامات پر سستے بازار قائم کئے گئے ہیں جن میں اشیاء ضروریہ کم قیمتوں پر دستیاب ہیں۔اس کے علاوہ کورونا وبا کے پیش نظر موبائل وین کے ذریعے بھی اشیاء ضروریہ دستیاب ہوں گی۔چیف سیکریٹریز پنجاب اور خیبر پختونخوا نے آگاہ کیا کہ چینی اور آٹے کی وافر مقدار میں دستیابی اور مقرر شدہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر توانائی عمر ایوب خان نے بتایا کہ سحری اور افطار کے اوقات میں کوئی غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔وزیراعظم نے ہدایت دی کہ رمضان المبارک میں اشیاء ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ غریب طبقے کو کسی مشکل کا سامنا نا ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کو جاری رکھا جائے۔وزیرِاعظم نے ہدایت کہ رمضان بازاروں میں کرونا وباء سے متعلقہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں