میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملک پر مسلط ٹولے نے عدلیہ، پارلیمنٹ کو ہیک کر رکھا ہے، سہیل آفریدی

ملک پر مسلط ٹولے نے عدلیہ، پارلیمنٹ کو ہیک کر رکھا ہے، سہیل آفریدی

ویب ڈیسک
هفته, ۱۴ مارچ ۲۰۲۶

شیئر کریں

عمران خان کا علاج ذاتی معالجین کی نگرانی اور فیملی کی موجودگی میں شفاء انٹرنیشنل اسپتال میں فوری طور پر کرایا جائے
تحریک انصاف کی منزل حقیقی آزادی ہے اور اس کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی،پریس کانفرنس سے خطاب

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیٔرمین عمران خان کا علاج ان کے ذاتی معالجین کی نگرانی اور فیملی کی موجودگی میں شفاء انٹرنیشنل اسپتال میں فوری طور پر کرایا جائے۔ تحریک انصاف کی منزل حقیقی آزادی ہے اور اس کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پریس کانفرنس کا واحد ایجنڈا عمران خان کی صحت کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط ٹولہ دراصل ہیکرز کی طرح ہے جس نے عدلیہ اور پارلیمنٹ کو بھی ہیک کر رکھا ہے۔ عمران خان کی صحت کے حوالے سے مسلسل تشویش پائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی گئی ہے کہ انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کے علاج کے لیے آئینی، قانونی، جمہوری اور سیاسی تمام راستے اختیار کیے گئے تاکہ انہیں ان کی فیملی کی موجودگی میں اور ذاتی معالجین کی نگرانی میں شفاء انٹرنیشنل اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے تاہم تمام دستیاب قانونی اور آئینی راستے اپنانے کے باوجود یہ جائز مطالبہ اب تک پورا نہیں کیا جا رہا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کوئی معمولی شخصیت نہیں بلکہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے چیٔرمین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نہ صرف پاکستان بلکہ اسلامی دنیا میں بھی ایک اہم سیاسی رہنما کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور کروڑوں پاکستانی ان پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک پر مسلط ٹولے کے پاس نہ واضح خارجہ پالیسی ہے اور نہ ہی داخلی معاملات کے لیے کوئی مؤثر حکمت عملی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی اور انتظامی بحرانوں سے نکالنے کے بجائے ان کی توجہ عمران خان کو فیملی سے ملنے اور علاج کی سہولت فراہم نہ کرنے پر مرکوز ہے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی ترقی، زرعی بہتری، صنعتی فروغ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ نوجوان ملک کی تقریباً ساٹھ فیصد آبادی پر مشتمل ہیں۔تاہم حکومت کی ترجیحات اس کے برعکس دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور منتخب نمائندوں کو سیاسی دباؤ اور مختلف پابندیوں کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت عوامی مینڈیٹ کے ذریعے قائم ہوئی ہے مگر اس کی قیادت کو نااہل کرنے کے لیے مختلف طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ عمران خان کو ان کے ذاتی معالجین کی نگرانی اور فیملی کی موجودگی میں شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر کے فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا کہ خدانخواستہ اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری جعلی حکومت اور اس کے ہینڈلرز پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے ملک کی نظریں عدلیہ پر لگی ہوئی ہیں اور عدلیہ کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کی حساسیت کو سمجھے کیونکہ تحریک انصاف کے مطالبات جائز ہیں اور ان کا مقصد صرف یہ ہے کہ عمران خان کو مناسب طبی سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے اور تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم عمران خان کی رہائی کے لیے رہائی فورس اور پوری قوم اپنا کردار ادا کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر اس بار تحریک انصاف نے کال دی تو حالات کو سنبھالنا کسی کے لیے ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی منزل حقیقی آزادی ہے اور اس کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ جو سٹریٹ موومنٹ جہاں روکی گئی تھی وہیں سے دوبارہ شروع کی جائے گی اور اس حوالے سے مکمل تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان رہائی فورس کے حوالے سے گزشتہ روز بھی ایک اجلاس منعقد ہوا ہے اور تحریک انصاف مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھے گی۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک پر مسلط ٹولہ دراصل ہیکرز کی طرح ہے جس نے عدلیہ اور پارلیمنٹ کو بھی ہیک کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر وسائل اور سہولیات کے باوجود اگر حکمران عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو آگے بڑھانے میں ناکام ہیں تو انہیں یہ سوچنا چاہیے کہ وہ کس کے لیے نظام کو ہیک کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر لکی مروت میں پولیس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دْعا کی اور کہا کہ وہ آزمائش کی اس گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں