اسلام مذہب کی جبری تبدیلی کو جرم قرار دیتا ہے، وزیراعظم کا ہولی کی تقریب سے خطاب
شیئر کریں
کراچی(ویب ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ہمارا کام جنت اور دوزخ کا فیصلہ کرنا نہیں بلکہ دنیا کو جنت بنانا ہے جب کہ اسلام مذہب کی جبری تبدیلی کو جرم قرار دیتا ہے۔ کراچی میں ہندوؤں کے تہوار ہولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نوازشریف نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے آج اس تہوار میں شریک ہوکر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے جب کہ ہر مذہب اپنے تہوار کے ذریعے اس بات کی یقین دہانی کرواتا ہے کہ انسان کو کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے اگر حالات کبھی اچھے نہ ہو تو آنے والا کل ضرور سازگار ہوتا ہے اور آخری فتح ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دینے والوں کی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہولی بھی اس بات کا پیغام ہے کہ یہ محبت کا رنگ سب سے پائیدار اور باقی رہنے والا ہوتا ہے اور اگر ایک مذہبی انسان محبت سے خالی ہے تو اس کی مثال اس پھول سی ہوتی ہے جس میں نہ رنگ ہوتا ہے نہ خوشبو۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام مذاہب انسانیت کا احترام سکھاتے ہیں اور اسلام مذہب کی جبری تبدیلی کو جرم قرار دیتا ہے جب کہ ہمارا کام کسی کے لیے جنت اور دوزخ کا فیصلہ نہیں کرنا بلکہ اسی دنیا کو جنت بنانا ہے اور پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو یکساں حقوق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام مذہب کی بنیاد پرامتیازکا قائل نہیں لیکن مسلمانوں کے حقوق پامال ہوئے توپاکستان کا قیام ناگزیر ہوا لیکن افسوس کچھ لوگ قیام پاکستان کو مذہبی دشمنی کا نتیجہ قراردیتے ہیں،یہ تاریخ سے لاعلمی ہے جب کہ پاکستان مذہبی تصادم روکنے کے لیے بنایا گیا تھا،پاکستانی عوام نے کبھی نفرت کی سیاست کو قبول نہیں کیا پاکستان میں اگرکوئی جھگڑاہے تووہ امن اورفساد کی قوتوں کے درمیان ہے جب کہ پاکستان کی وحدت کے لیے صرف پاکستانی بن کرسوچنا ہوگا۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پر بھی گلاب کھلنے لگے ہیں اور معیشت کی شاخ مضبوط ہورہی ہے جس کا اعتراف پوری دنیا کررہی ہے جب کہ ایشیا میں سب سے تابناک مستقبل پاکستان کا ہے اور یہ مستقبل پاکستان کی تمام برادریوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کا وعدہ پورا کردیا اور آج کراچی سمیت ملک بھر میں امن کی فضا ہے جب کہ کراچی کے امن وامان میں بھی پہلے کے مقابلے میں بہت بہتری آچکی ہے۔ وزیراعظم نے ہندوؤں برادری کی فلاح کیلیے 50 کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔