میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
زاہدچنڑ کو لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کا چیئرمین بنانے کی تیاری مکمل

زاہدچنڑ کو لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کا چیئرمین بنانے کی تیاری مکمل

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۴ فروری ۲۰۲۵

شیئر کریں

سیکریٹری عباس بلوچ کو غیرقانونی ایم بی اے کی ڈگری دینے کی سہولت کاری کا انعام
یونیورسٹی کیمپس مینجمنٹ سسٹم نے سیکریٹری کی اعلیٰ نمبرز کے ساتھ کامیابی کا بھانڈا پھوڑ دیا

(رپورٹ:شبیر احمد) سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز عباس بلوچ کو ان کے ماتحت سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی جانب سے خلاف قانون اعلیٰ ڈگری دینے کے سہولت کار پروفیسر زاھد چنڑ کو لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کا چیئرمین بنانے کی تیاری مکمل کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے سربراہ پروفیسر زاھد چنڑ کو سیکریٹری عباس بلوچ کو بغیر کلاس میں حاضر ہوئے غیرقانونی ایم بی اے کی ڈگری دینے کی سہولت کاری کے انعام میں چیئرمین لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کا عہدہ دیا جا رہا ہے۔ دستیاب سرکاری ریکارڈ کے مطابق یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سیکرٹری عباس بلوچ نے بغیر کلاس اٹینڈ کئے سندھ مدرسہ یونیورسٹی سے ‘ایم بی اے ‘کے دو سیمسٹر میں اے ون، اے اور بی گریڈ حاصل کر لئے ہیں ۔یونیورسٹی کے ‘کیمپس مینجمنٹ سسٹم’نے سیکریٹری کی غیر حاضری کے باوجود امتحان میں اعلیٰ نمبرز کے ساتھ کامیابی کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔یونیورسٹی اور ھیک قوانین کے مطابق طالبعلم 75فیصد حاضری کے بغیر امتحان دینے کا اہل نہیں ہو سکتا ہے سرکاری دستاویزات کے مطابق سندھ مدرسہ یونیورسٹی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیکریٹری عباس بلوچ کو ‘ایم بی اے ‘میں ‘بی بی اے ‘کے کورس پڑھائے جا رہے ہیں۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق سیکریٹری عباس بلوچ دو مضامین کے اکلوتے اسٹوڈنٹ ہیں، جبکہ ان کو پڑھانے کے لئے بھاری معاوضے پر یونیورسٹی سے باہر سے استاد رکھے گئے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر سرکاری ریکارڈ کے مطابق سیکریٹری عباس بلوچ نے عید الاضحٰی کی چھٹی والے دن 18جون کو بھی یونیورسٹی میں کلاس اٹینڈ کی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور انتظامیہ ہر صورت اپنے انتظامی محکمہ کے سیکریٹری کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈگری دینا چاہتی ہے۔ انہی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پروفیسر زاھد چنڑ کی ممکنہ تقرری سے صوبے بھر کے تعلیمی بورڈز میں چیئرمین کے عہدوں کی تمام تقرریاں مشکوک ہو گئی ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں