
عمران خان سے گنڈاپور کی ملاقات، شیر افضل مروت کی برطرفی کا فیصلہ واپس لینے کی درخواست
شیئر کریں
بانی پی ٹی آئی کی علی امین گنڈاپور کو صوبائی تنظیم کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت
عمران خان سے ملاقات کے لیے پارٹی سے وابستہ دیگر افراد بھی اڈیالہ جیل پہنچے
عمران خان سے علی امین گنڈاپور نے ملاقات کی ہے ، جس میں شیر افضل مروت سے متعلق اہم بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق آج جمعرات کا دن بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا روز ہے ۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے علاوہ پارٹی سے وابستہ دیگر افراد بھی ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے ۔عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آنے والوں میں علی امین گنڈاپور کے علاوہ صوبائی وزیر خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، حلیم عادل شیخ، بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی، سیمابیہ طاہر، سابق ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی اور صوبائی وزیر تیمور جھگڑا شامل تھے ۔وزیراعلیٰ خیبر پخونخوا علی امین گنڈاپور عمران خان سے 2 گھنٹے طویل ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوئے ۔ذرائع کے مطابق انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے صوابی جلسے ، پارٹی اور دیگر سیاسی امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ علاوہ ازیں علی امین گنڈاپور نے بانی چیئرمین عمران خان سے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ واپس لینے کی بھی درخواست کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی، ملاقات میں پارٹی امور اور سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کو صوبائی معاملات پر بریف کیا، بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو صوبائی تنظیم کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، بانی پی ٹی آئی نے صوبے میں کرپشن کے خاتمے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔