بلدیاتی بل کی منظوری،پیپلز پارٹی مختلف شہروں میں میئر شپ کے لیے متحرک
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) بلدیاتی بل کی نئی ترامیم کے ساتھ منظوری کے بعد پیپلز پارٹی نے مختلف شہروں میں میئر شپ کے حصول کے لیے سیاسی لابنگ کا آغاز کردیا مرتضیٰ وہاب، تاج حیدر اورطاہر مشہدی کو میئر کا امیدوار بنانے پر مشاورت شروع کر دی گئی بلاول بھٹو کی جانب سے مختلف سیاسی جماعتوں سے بہتر رابطے استوار کرنے کا ٹاسک سعید غنی اور ناصر حسین شاہ کودے دیا گیا ن لیگ سے رابطے بحال کرنے کے بعد آئندہ چند روز میں جے یو آ ئی(ف) کی مرکزی قیادت سے بھی ملاقات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی،حیدرآباد اور سکھر میں میئر شپ کے حصول کے لیے سیاسی فارمولا تیار کر لیا ہے اس ضمن میں میئر اور ڈپٹی میئرکا عہدہ مشترکہ سیاسی اتحادکے ذریعے حاصل کرنے کی حکمت ِ عملی تیار کی گئی ہے جس کے تحت گذشتہ روز وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کی جانب سے مسلم لیگ ن سندھ کے صدرشاہ محمد شاہ سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کو یقینی بنایا گیا ہے جس میں انکے تمام ترتحفظات دور کرنے اور بل میں مزید ترامیم کرنے سے متعلق تجاویز دینے پر اتفاق ہوا ہے پیپلز پارٹی کی جانب سے مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں میں میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدے کے حصول کے لیے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا طے کرنے سے متعلق بھی مسودہ تیار کیا گیا ہے اس سلسلے میں گذشتہ روز ن لیگ سے بھی اہم امور زیر بحث آ ئے ہیں آ ئندہ چند روز میں پیپلز پارٹی کی جانب سے مزید سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیے جانے کا امکان ہے۔