آمدن سے زائد اثاثے ' آغاسراج حسین درانی کی ضمانت منطور
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں قائم دور رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج حسین درانی کی درخواست ضمانت منطور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے 25نومبر کو سراج درانی کی درخواست ضمانت پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے آغا سراج درانی کو 10لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے آغا سراج درانی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ جبکہ عدالت نے سراج درانی کے بھائی آغا مسیح الدین درانی سمیت دیگر آٹھ ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ہے اور انہیں 10،10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے ان تمام ملزمان کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ریفرنس میں سراج درانی کی اہلیہ ، بیٹے اور چار بیٹیوں سمیت 11 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ نیب کی جانب سے آغا سراج درانی پر ایک ارب 61 کروڑ روپے کے غیر قانونی اثاثے بنا نے کے الزام میں ریفرنس دائر کیا گیا ہے ۔ ریفرنس کراچی کی احتساب عدالت نمبر تین میں زیر سماعت ہے ۔