کراچی میں سی این جی بندش کا پانچواں روز، پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم
شیئر کریں
کراچی میں سی این جی جمعرات کومسلسل پانچویں روز بھی بند ہونے کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہوگیا۔سندھ میں سی این جی کی طویل بندش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، اس سے قبل کبھی اس طرح کی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا جب کہ کراچی میں مسلسل پانچویں روز بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شہر قائد میں پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو دفاتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بس سے سفر کرنے والے افراد نے ٹرانسپورٹ کے نظام کی ابتر صورتحال پر صوبائی حکومت کی خاموشی کو بے حسی قرار دیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ فنی خرابی پر گمبٹ اور کنرپسا گیس فیلڈ سے گیس کم سپلائی ہورہی ہے، سسٹم میں پہلے سے گیس کم تھی اور فنی خرابی کی وجہ سے مزید کمی کا سامنا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ریگولر گیس ملنے پر سی این جی سیکٹر کو گیس فراہم کردیں گے تاہم اولین ترجیح گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ہے۔