ٹیپو سلطان کا یوم پیدائش: سری رام سینا کا میدان پاک کرنے کے لیے گئو موتر کا چھڑکاؤ
شیئر کریں
بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک ہندو انتہا پسند تنظیم نے ریاست کے علاقے ہبلی میں ٹیپو سلطان کے یوم پیدائش کی تقریبات کے بعد عید گاہ گراؤنڈ کوشدھ (پاک) کرنے کیلئے گئو موتر (گائے کے پیشاب ) کا چھڑکاؤ کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اس واقعے نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے اور ترقی پسند دانشوروں نے اس پر شدید تنقید کی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہندو انتہا پسند تنظیم سری رام سینا کے ارکان عید گاہ گراؤنڈ کے احاطے میں” کنک جینتی ”منانے کیلئے جمع ہوئے اور میدان کو پاک کرنے کے نام پر گئو موتر (گائے کے پیشاب ) کاچھڑکاؤ کیا کیونکہ یہاں ٹیپو سلطان کے یوم پیدائش پر تقریب منعقد کی گئی تھی ۔ سری رام سینا کے بانی پرمود متھالک نے کہا کہ ٹیپو سلطان ایک مذہبی جنونی تھا اور ان کا یوم پیدائش منانے سے گراؤنڈ ناپاک ہو گیا تھا، ٹیپو جینتی منانے کے بعد ہندو تنظیموں نے کنک جینتی منانے کی اجازت مانگی ہے۔ شری رام سینا کے ارکان نے جشن کے لیے عیدگاہ گراؤنڈ میں ایک پنڈال لگایا اور کنک داس کا یوم پیدائش منایا۔