پاکستان کی ترقی کے دشمنوں کو عوام مسترد کرچکے ہیں، شہبا زشریف
شیئر کریں
لاہور(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے لارڈ نذیر احمد نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عبادت سمجھ کر عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے اورہم نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا عزم کر رکھا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو عوام بری طرح مسترد کر چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔آئندہ نسلوں کو جھوٹ اورالزام تراشی سے پاک،خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان دیں گے،جبکہ رکن قومی اسمبلی سلطان محمود سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے اقدامات بارآور ثابت ہوئے ہیں،مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آئی ہے،تعمیری سوچ و جذبہ کے ساتھ وطن عزیز کی خدمت کی ہے، مسلم لیگ (ن) جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کی قائل نہیں، عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کے وعدے پورے کیے ہیں،قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈلیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈآف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میںمنصوبے پر پیش رفت اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پاکستان کڈنی اینڈلیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کے لیے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بھرتیوں کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈلیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سنٹردکھی انسانیت کی خدمت کا عظیم منصوبہ ہے اور اس منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے محنت، عز م اور جذبے سے کام جاری رکھا جائے۔