سندھ بلڈنگ، شاہ فیصل میں گرنے والی عمارت کا وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا
شیئر کریں
( رپورٹ :نجم انوار) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے شاہ فیصل ٹاؤن میں زیر تعمیر گرنے والی بلڈنگ میں ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا ہے جس پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ایک ڈائریکٹر سمیت چار افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معطل ہونے والوں میں ڈائریکٹر کورنگی ایس ایم ضیاء ، ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم راجہ، قائم مقام اے ڈی اینڈ سینئر بلڈنگ انسپکٹر تنویر خان اور بلڈنگ انسپکٹر خرم رضوان شامل ہیں۔ واقعہ کی انکوائری کے لئے تشکیل دی گئی تین رکنی کمیٹی میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر ندیم احمد (چیئرمین)، ڈپٹی ڈائریکٹر فہیم مرتضیٰ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد منظور شامل ہیں ۔باخبر ذرائع کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر بلڈنگ گرنے سے ہونے والی پانچ ہلاکتوں اور چار زخمی ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو پر ناراضی کا اظہار بھی کیا ہے جس کی گھبراہٹ میں ڈی جی نے جمعرات کی شام چھٹی کے وقت حکم دیا کہ کوئی بھی ڈائریکٹر تا حکم ثانی آفس سے نہیں جائے گا۔ بعد ازاں جب نگراں وزیر اعلیٰ نے چار افسران کو معطل کرنے کا حکم دیا تو تقریباً سوا سات بجے تمام ڈائریکٹر ز کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایس بی سی اے کو اپنی کاکرکردگی بہتر کرنی ہوگی اس قسم کی نااہلی کسی بھی ادارے میں برداشت نہیں کروں گا ۔یاد رہے کہ مذکورہ واقعہ کا مقدمہ نمبر 471/2023 تھانہ شاہ فیصل میں مالک مکان کے خلاف درج ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔