میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بائیڈن کی قومی سلامتی حکمت عملی کا اعلان : چین ، روس ہدف رہیں گے

بائیڈن کی قومی سلامتی حکمت عملی کا اعلان : چین ، روس ہدف رہیں گے

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۳ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

وائٹ ہاؤس نے طویل عرصے سے التوا کا شکار قومی سلامتی کی حکمتِ عملی کا اعلان کیا ہے۔ اس میں جمہوری ممالک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے اور چین کے عروج کو روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یوکرین کے بحران کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والی 48 صفحات پر مشتمل یہ دستاویز انتظامیہ کی سوچ میں کسی جوہری تبدیلی کی عکاس نہیں اوراس میں صدر جوبائیڈن کی خارجہ پالیسی کا کوئی بڑا نیا نظریہ پیش نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے بجائے اس دستاویز میں وائٹ ہاؤس کے اس نقطہ نظر پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ امریکی قیادت موسمیاتی تبدیلی اور آمرانہ حکومتوں کے عروج جیسے عالمی خطرات پر کیسے قابو پا سکتی ہے۔ اس میں کہا گیا کہ روسی حملے کے بعد بھی چین عالمی نظام کے لیے سب سے زیادہ چیلنج کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس لیے اگر امریکا دنیا بھر میں اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنا چاہتا ہے تو اسے سپرپاور کے ساتھ اقتصادی ہتھیاروں کی دوڑ میں بھی کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے پالیسی کے پیش لفظ میں کہا کہ چین بین الاقوامی نظام کو اس انداز میں اپنے حق میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کا جھکاؤ عالمی کھیل کے میدان میں اس کے اپنے مفاد کی طرف ہوسکے جبکہ امریکا ہمارے ممالک کے درمیان مسابقت کو ذمہ دارانہ طور پر منظم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ سلیوان نے کہا کہ امریکا کو چین کے ساتھ تعلقات کو منظم کرنا چاہیے جبکہ بین الاقوامی چیلنج لوگوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان میں موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ، متعدی بیماریوں، دہشت گردی، توانائی کی منتقلی، اور افراط زر ایسے مسائل ہیں۔ بائیڈن نے ابھی تک خارجہ پالیسی کے کچھ اہم مباحث کو حل نہیں کیا ہے۔ ان میں ان کے پیشرو ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے نافذ کردہ چینی مصنوعات پر محصولات شامل ہیں۔ ان سے امریکی درآمد کنندگان کو اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس کے علاوہ روس کے اقدامات سے نمٹنا، دیرینہ اتحادی سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں سردمہری اور بھارت کا روس کی توانائی پر انحصار شامل ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں