ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، بلاول سمیت متعدد پی پی رہنماؤں سے جواب طلب
شیئر کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاڑکانہ میں ریلی نکالنے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹو زرداری اور دیگرسے جواب طلب کرلیا۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سید ندیم حیدر کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کے مانیٹرنگ افسر عبدالغفار نے نوٹس جاری کیا ہے جس میں بلاول بھٹو کو فوری طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جواب دینے کا حکم دیا گیا۔الیکشن کمیشن نے صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ، سہیل انور سیال، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی خورشید جونیجو، گھنور اسران، شرجیل میمن، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نثار کھوڑو کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس جاری کیا ہے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی نے پابندی کے باوجود پی ایس 11 کے حلقے کا دورہ کیا اور ریلی نکال کر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ذرائع کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر صوبائی وزرا کے خلاف کارروائی کا امکان ہے ۔