توہین عدالت کیس میں ڈرامائی موڑ رانا شمیم نے ہائی کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی
شیئر کریں
میری غلط فہمی کی بنا پر جو صورتِ حال پیدا ہوئی شروع دن سے اس کا اظہار کرتا آ رہا ہوں،سابق جج گلگت بلتستان کامعافی نامہ
اس عدالت کاکوئی حاضرسروس جج اس تنازع میں شامل نہیں ،خودکوعدالت کے رحم وکرم پرچھوڑتاہوں ،معافی نامہ قبول کیاجائے
اسلام آباد (بیورورپورٹ)گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے توہینِ عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔رانا شمیم نے وکیل لطیف آفریدی کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری معافی نامہ جمع کرا دیا۔معافی نامے میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے کہا کہ جب سے پروسیڈنگ شروع ہوئی تب سے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہا ہوں۔انہوںنے اپنے معافی نامے میں کہا کہ میری غلط فہمی کی بنا پر جو صورتِ حال پیدا ہوئی شروع دن سے اس کا اظہار کرتا آ رہا ہوں۔رانا شمیم نے معافی نامے میں کہا کہ اس عدالت کا کوئی حاضر سروس جج اس تنازع میں شامل نہیں، اپنی غلط فہمی پر اس عدالت کے تمام حاضر سروس ججز سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔معافی نامے میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے کہا کہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔رانا شمیم نے اپنے معافی نامے میں درخواست کی ہے کہ عدالت سے مودبانہ استدعا ہے کہ عدالت میری معافی قبول کرے۔