وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مزار قائد پر حاضری
شیئر کریں
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہفتہ کو ایک روزہ دورے پر خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچے ، گورنرسندھ محمدزبیر، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگراعلیٰ حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم کی کراچی آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کی قیادت ایئرپورٹ پر موجودتھی۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال ، مصدق ملک تھے۔ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی رشیدگوڈیل بھی وزیراعظم کے ساتھ کراچی آئے ہیں۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کراچی ایئرپورٹ سے سیدھے مزار قائد پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے بانی پاکستان قائد محمدعلی جناح کے مزار پرحاضری دی ، پھول چڑھائے اوران کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پروفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، گورنرسندھ محمدزیبر ،وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور سابق وفاقی مشیرمصدق ملک بھی ہمراہ تھے۔فاتحہ خوانی کے بعد وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ انہوں نے لکھا کہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ اسلامی ریاست کی کامیاب جدوجہد کی گئی، قائداعظم محمدعلی جناح کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت علیحدہ مملکت کا قیام ممکن ہوا، بابائے قوم کے مزارپرآنا قابل عزت وفخر ہے، میں پاکستان کو پرامن، خوشحال بنانے کے لیے انتھک محنت کروں گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم بننے کے بعد شاہد خاقان عباسی کی جانب سے کراچی کا یہ پہلا دورہ ہےدریں اثنا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کی ترقی کے لیے بھر پور اقدام کرے گی ۔عوام کے مسائل حل کرنا وفاقی حکومت کی پہلی ترجیح ہے ۔ سندھ کی ترقی کے لیے وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا ۔وہ ہفتہ کو گورنر ہائوس میں گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ملاقات میں گورنر سندھ نے وزیراعظم کو کراچی سمیت صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی ۔گورنر سندھ نے وزیراعظم کو صوبے میں سرمایہ کاری اور تاجر برادری سے رابطوں کے بارے بھی آگاہ کیا ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں صوبوں میں امن کاقیام اور عوامی مسائل کو حل کرنا ہے ۔اس حوالے سے وفاقی حکومت بھرپور اقدام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبہ بھر کی ترقی کے لیے وفاق سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا ۔