جشن آزادی کی تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں،شہرقائد کو قومی پرچم اور جھنڈیوں سے سجا دیا گیا
شیئر کریں
کراچی میں گزشتہ سال کی نسبت قومی پرچموں اور جھنڈیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ، شہر کے مختلف مقامات پرکئی گناہ زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں
کراچی(این این آئی)شہرقائد میںپاکستان کے 70 ویں جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، شہرکے گلی کوچوں، محلوں، شاہراہوں،عمارتوں اور دیگر مقامات کوخوبصورتی سے سجایا جارہا ہے۔شہرکی اہم سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں پرنہ صرف قومی پرچم لہرا دیاگیا ہے بلکہ انہیں خوبصورتی سے سجا بھی دیا گیا ہے،جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے بچوں، نوجوانوں اور خواتین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے،شہر بھر میں قومی پرچموں کی بہار آگئی ہے۔اس ضمن میں بات چیت میں بچوں اور نوجوانوں نے کہاکہ جشن آزادی ہمارے لیے عید کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دن برصغیرکے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت حاصل ہوئی تھی،جشن آزادی کے سرکاری و نجی عمارتوں کوبرقی قمقموں سے سجانے کا کام جاری ہے،شہری اپنی گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجا رہے ہیں، بچے، بچیاں اور نوجوان اپنے گھروں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے آراستہ کررہے ہیں، شہر میں نوجوان قومی پرچم لہراتے ہوئے موٹرسائیکل ریلیاں نکال رہے ہیں ۔دوسری جانب کراچی میں گزشتہ سال کی نسبت قومی پرچموں اور جھنڈیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور شہر کے مختلف مقامات پرکئی گناہ زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں،کراچی میں جشن آزادی کے حوالے سے تقریبا 3کروڑ سے زائد مختلف سائزکے پرچم تیار کیے گئے ہیں شہر کی مارکیٹوں، بازاروں اور اسٹالز پر مختلف سائز کے پرچم دستیاب ہیں، زیادہ تر لوگ 64 فٹ کے پرچم خرید رہے ہیں۔قومی پرچموں کی فروخت کرنے والے دکانداروں نے بتایا کہ جشن آزادی کے سلسلے میں قومی پرچموں اورجھنڈیوں کی ریکارڈ فروخت ہو رہی ہے،شہریوں کے علاوہ تعلیمی اداروں،مختلف سیاسی و مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر قومی پرچم اور جھنڈیاں خریدنے کا سلسلہ جاری ہے۔