میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات کو حل کیا جائے گا، ڈاکٹرفاروق ستار

وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات کو حل کیا جائے گا، ڈاکٹرفاروق ستار

منتظم
اتوار, ۱۳ اگست ۲۰۱۷

شیئر کریں

کراچی سمیت صوبے کے شہری علاقوں کے مسائل کے حل کے لیے ترقیاتی پیکیجز کا اعلان کیا جائے گا ، ہمیں امید ہے کہ وفاق اپنا وعدے پورے کرے گا ، وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات کو حل کیا جائے گا اور کراچی سمیت صوبے کے شہری علاقوں کے مسائل کے حل کے لیے ترقیاتی پیکیجز کا اعلان کیا جائے گا ۔ ہمیں امید ہے کہ وفاق اپنا وعدے پورے کرے گا ۔ وہ ہفتہ کو گورنر ہاؤس کے باہر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملاقات میں کہا ہے کہ حکومت ایم کیو ایم پاکستان کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتی ہے ۔ وزیر اعظم سے کراچی ، حیدر آباد ، میرپورخاص ، سکھر اور دیگر اضلاع کی ترقی اور بلدیاتی نمائندوں کے مسائل کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے ۔ فاروق ستار نے کہا کہ کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے ۔ کراچی شہر میں کچرے کے انبار ہیں ۔ ہم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی شہر کی ترقی کے لیے مزید میگا پروجیکٹس اور ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ 6 ارب روپے کی لاگت سے 65 ملین گیلن پانی کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم کو ایم کیو ایم پاکستان کے بند دفاتر لاپتہ اور اسیر کارکنان کے معاملے سے بھی آگاہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات کو حل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ روزگار کے حوالے سے جو ناانصافی کی جا رہی ہے ، انہیں دور کیا جائے ۔ وزیر اعظم نے اس معاملے کو بھی حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور انتظامی معاملات پر وزیر اعظم سے بات ہوئی ہے ۔ وفاقی حکومت کراچی سمیت صوبے شہری علاقوں میں انفرا سٹرکچر کے منصوبوں پر توجہ دے ۔ اس موقع پر فیصل علی سبزواری نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرے ۔ پاکستان ایک فیڈریشن ہے ۔ آئین میں تین جہتی حکومتوں کا ذکر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے شہری علاقے آج بھی ترقی سے محروم ہیں ۔ ہم نے وزیر اعظم کو شہری علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کھینچا تانی نہیں ہونی چاہئے ۔ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر مقامی حکومتوں کے ذریعہ حل ہونے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وفاقی حکومت ہمارے مطالبات کو حل کرنے کے لیے جلد عملی اقدامات کرے گی ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں