میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مسٹرفراڈیاگوگی ،پنکی اکنامک کوریڈوربچانے میں لگاہے ،راناثناء اللہ

مسٹرفراڈیاگوگی ،پنکی اکنامک کوریڈوربچانے میں لگاہے ،راناثناء اللہ

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۳ جولائی ۲۰۲۲

شیئر کریں

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہاہے کہ عمران حکومت نے زیرو سبسڈی کی شرط مانی ،زیرو سبسڈی پر ملک چلایا جائے تو غریب تو مر جا ئے گا، پاکستان معاشی حوالے سے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے ،پاکستان کو اگر کمزور کردیا گیا تو اثرات بہت برے ہوں گے ،ہم نے آئی ایم ایف کی وہ شرائط بھی مان لیں جن کی ہم مخالفت کرتے تھے ،آئی ایم ایف فوری معاہدے کو منطقی انجام تک پہنچائے ،فتنہ خان اسلام آباد جاکر لاشیں گرانا اور فتنے فساد پھیلانا چاہتا تھا ہم نے اس کا شافی علاج کردیا ہے۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعداپنے ڈیرہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسا ملک زیرو سبسڈی کا معاہدہ کس طرح کرسکتا ہے کیونکہ عوامی حالت کو بھی مدنظر رکھنا ہوتا ہے اسی لئے ہم الیکشن کی جانب نہیں گئے تاکہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مفتاح اسماعیل، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، مصدق ملک سمیت دس پندرہ انتہائی تجربہ کار معاشی و اقتصادی ماہرین کی ٹیم موجود ہے جو دن رات وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معاشی استحکام، مہنگائی میں کمی لانے اور کم آمدنی والے افراد سمیت تمام عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں اچھے بیوروکریٹس کی بھی مکمل معاونت ورہنمائی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا ہے اس پر آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچا کر اور ہماری ناک سے لکیریں نکلواکر بھی خوش نہیں ہوا اور اس کی شرائط پوری نہیں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے زیرو سبسڈی کی شرط مانی لیکن اگر اس پر عمل کرتے ہوئے زیرو سبسڈی پر ملک چلایا جائے تو غریب تو مر جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پٹرول کی قیمت کو بڑھایا اور کئی مشکل اقدام اٹھائے لیکن آئی ایم ایف پھر بھی نہیں مان رہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم مشکل فیصلہ کرکے فوری الیکشن کی بجائے حکومت کی طرف نہ جاتے اور ملک کو کیئر ٹیکرز کے حوالے کردیتے تو یہ ہمارے لئے آسان تھا لیکن اس سے ملک دیوالیہ ہوجاتا لیکن ملک کے خیر خواہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل فیصلے کرنے چاہئیں لہذااس لمحہ ہم نے سیاست کو ایک طرف رکھا اور ریاست کو بچایااور مشکل فیصلوں کی طرف گئے۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے پر مسرت موقع پر وہ اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ امن و امان کے سلسلہ میں ہم نے بہتری لائی ہے اور مزید بہتری لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فتنہ خان جو اسلام آباد جاکر لاشیں گرانا اور فتنے فساد پھیلانا چاہتا تھا ہم نے اس کا شافی علاج کردیا ہے، اس پاگل شخص کو یہ تک معلوم نہیں ہوتا کہ وہ کس کے ہاتھ استعمال ہورہا ہے وہ اسلام آباد میں آگ لگانا چاہتا تھا جس کو روکنے کا کریڈٹ تمام جماعتوں کو جاتا ہے جس کے بعد اب ہم امن و امان کو اور بہتر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عوام کیلئے سبسڈی زیرو نہیں بلکہ فتنہ فساد زیرو ہونا چاہیے کیونکہ ایسا ہوگا تو معیشت ترقی کرے گی اور تجارت بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا میں بہت اہمیت کا حامل ملک ہے اور پوری دنیا کیلئے بہت ضروری ہے یہ دنیا میں دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کی معیشت کا بھی احساس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ملک کی معاشی صورتحال میں واضح بہتری نظر آئے گی اور الیکشن تک مسلم لیگ(ن) ثابت کریگی کہ اس جماعت میں ملک کے مسائل حل کرنے اور ملکی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں