ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ،عامر کیانی کے خلاف تحقیقات میں پیش رفت
شیئر کریں
سابق وزیرصحت اور تحریک انصاف کے اہم رہنما عامر محمود کیانی کے خلاف ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی تحقیقات نیب راولپنڈی نے جے آئی ٹی کے سپرد کردی ۔جعلی بنک اکاونٹس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے عامر محمود کیانی کے خلاف انکوائری شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جے آئی ٹی کو ڈریپ سمیت متعلقہ اداروں سے اہم ریکارڈ اور دستاویزات موصول ہوگئی ہیں۔جے آئی ٹی انکوائری مکمل کرنے کے بعد انوسٹی گیشن کی سفارش کرے گی۔نیب قواعد کے مطابق انکوائری کے دوران ذمہ داران کو گرفتار کیا جاسکتا ہے ۔ عامر محمود کیانی کے خلاف ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافے کے الزامات ہیں۔عامر محمود کیانی اگست 2018 سے اپریل 2019 تک وفاقی وزیر صحت کے عہدے پر براجمان تھے۔ عامر محمود کیانی کو وزیر اعظم عمران خان نے 18 اپریل 2019 کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔واضح رہے کہ ادویہ ساز کمپنیوں نے ان کی وزارت میں ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد ازخود اضافہ کردیا تھا۔ اس کے علاوہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں بھی400 فیصدتک کا اضافہ کا ہوگیا تھا۔تب عامر محمود کیانی پر یہ الزام عائد ہوا تھا کہ ان کے ادویہ ساز اداروں کے ساتھ منفعت بخش روابط ہیں جس کے باعث قیمتوں میں اندھا دھند اضافہ ہوا۔