قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، ایئرپورٹ پر شاندار استقبال
شیئر کریں
قومی ہاکی ٹیم اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد ملائیشیا سے وطن واپس پہنچ گئی۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مہشود، سابق اولمپئینز اختر رسول ، محمد ثقلین ، شہباز سینئر ، خالد حمید ، انجم سعید ، ملک شفقت ،محمد شفیق اور شہریوں کی بڑی تعداد نے قومی ہاکی ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔اس موقع پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان عماد بٹ نے کہا کہ اس ایونٹ کے بعد پاکستان ہاکی کی بحالی ہو گی، نیشن کپ کی تیاری کے لیے 15 تاریخ سے کیمپ جوائن کریں گے ، انشا اللہ آہستہ آہستہ تمام چیزیں ٹھیک ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا ویژن بہت اچھا ہے انشا اللہ ہماری ہاکی بہت آگے جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کافی وقت سے ہاکی زوال پزیر تھی، عوام نے شاندار استقبال کیا جس پر خوشی ہے ، کھلاڑیوں نے بھرپور پرفارم کیا ، صدر طارق بگٹی کی اذلان شاہ میں ٹیم بھیجنے کے لیے بڑی کاوشیں ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے کے چاندی کا تمغہ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 10لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ٹیم کو ان کی عمدہ کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا اور ٹیم کے ہر کھلاڑی کلے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔وزیراعظم نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو وزیر اعظم ہائوس بھی مدعو کر لیا اور ذرائع کے مطابق 2دن میں قومی ہاکی ٹیم کو وزیراعظم ہائوس میں بلایا جائے گا۔