وزیراعظم کے صاحبزادے اورپی ٹی آئی ایم این اے حامد الحق میں لڑائی
شیئر کریں
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے دوران ایوان بالا کی گیلری میں بیٹھیے وزیراعظم کے صاحبزادے اورپی ٹی آئی ایم این اے حامد الحق میں لڑائی ہوگئی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے امیدوار صادق سنجرانی کے چیئرمین منتخب ہونے کا اعلان ہوتے ہی ایوان ’جئے بھٹو اور ایک زرداری سب پہ بھاری‘ اورعمران خان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس دوران گیلری میں بیٹھے اپوزیشن اور حکومتی حمایت یافتہ افراد میں بھی تلخی پیدا ہوئی اور دونوں جانب سے اپنے اپنے قائدین کے حق میں نعرے لگائے گئے۔عرے بازی سے کشیدہ ہونے والا ماحول لڑائی جھگڑے کی صورت اختیار کرگیا اور وزیراعظم کے صاحبزادے عبداللہ عباسی اورایم این اے حامد الحق مہمانوں کی گیلری میں گتھم گتھا ہوگئے۔ بعد ازاں ایوان کے عملے اور مہمان گیلری میں موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کرایا جب کہ سیکیورٹی عملہ وزیراعظم کے صاحبزادےعبداللہ عباسی کوگیلری سے باہر لے گیا۔ایوان میں شور شرابے پر پریذائیڈنگ افسر سردار یعقوب ناصر شرکاء سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور خاموشی اختیار کرنے کی مسلسل ہدایات کرتے رہے۔دوسری جانب میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی ایم این اے کا کہنا تھا کہ میں اس شخص کے بارے میں حتمی طور پر تو نہیں کہہ سکتا کہ وہ کون ہے البتہ اس حوالے سے میڈیا میں جو خبریں چل رہی ہیں وہ درست ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے چیرمین سینیٹ سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ واقعے سے متعلق تحریری طور پر بھی چیرمین کو آگاہ کروں گا۔