اردو کو بطور سرکاری زبان نافذ کرنے کا حکم
جرات ڈیسک
پیر, ۱۳ فروری ۲۰۲۳
شیئر کریں
لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اردو کو بطور سرکاری زبان نافذ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایک ماہ میں عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رضا قریشی نے شریف نظامی سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اعلی عدلیہ نے اردو کو بطور سرکاری زبان کے نفاذ کے لیے احکامات دیے مگر سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومت عمل درآمد کرکے رپورٹ ڈپٹی رجسٹرارجوڈیشل کے روبرو داخل کرائیں۔ سرکاری وکیل کو بھی احکامات پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ کیس کی سماعت مزید کارروائی کے لیے مارچ کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔