حجاب پرپابندی نے بھارت میں آگ لگادی مسلم طالبات کااحتجا ج شدت اختیار کرگیا
شیئر کریں
،فورسزکاتین شہروں کامحاصرہ
بھارتی ریاست کرناٹک کے بعد اب راجستھان میں بھی حجاب کو لے کر تنازعہ سامنے آیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق جے پور کے ایک پرائیویٹ کالج میں برقعہ اور حجاب پہن کر جانے والی طالبات کو انٹری نہیں دی گئی۔ طالبات نے کہا ہے کہ کالج انتظامیہ نے ڈریس کوڈ کا حوالہ دے کر انہیں واپس گھر بھیج دیئے۔ اس کے بعد اہل خانہ کالج پہنچے اور تنازعہ ہوا۔دوسری جانب کالج کے سکریٹری راجندر شرما نے دعوی کیا ہے کہ کالج نے سبھی طلبہ وطالبات کے لئے ڈریس کوڈ طے کئے ہیں۔ کچھ طالبات ڈریس کوڈ میں نہیں آئی تھیں۔ادھر بھارت کے تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات پر حجاب نہ پہننے کی پابندی کے خلاف سخت احتجاج کے بعد بھارتی پولیس نے تین شہروں کا محاصرہ کر لیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق کالج کے احاطے اور کلاس رومز میں مسلم طلبا کے حجاب پہننے کے مطالبے پر تنازع کے درمیان سیکورٹی فورسز نے کرناٹک کے تین شہروں کا محاصرہ کیا ۔ اس دوران پولیس نے اوڈپی، چتردرگا اور ڈوڈابلا پورہ میں فلیگ مارچ کیا۔ متاثرہ شہروں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فلیگ مارچ کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا جب یہ معاملہ کرناٹک ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور عدالت نے کہا ہے کہ وہ پیر کو حجاب کی پابندیوں کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر دوبارہ غور کرے گی۔