سانحہ ماڈل ٹائون کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ،ذمہ داران کو سزا ملنے چاہیے، بلاول بھٹو
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی نہ صرف غیر جانبدارانہ تحقیقات بلکہ ذمہ داران کو سزا بھی ملنے چاہیے ، اگر مسلم لیگ (ن) کو حکومت ملی تو میاںصاحب کا ایجنڈا کیا ہوگا کہ میںنے اپنے سیاسی مخالفین کو بند رکھناہے حالانکہ ماضی کو دیکھتے ہوئے انتقامی سیاست کرنا پاکستان کے آج کو نقصان پہنچائے گی ، بانی چیئرمین پی ٹی آئی جب جیل سے باہر اور حکومت میں تھے تو ان کا کہنا تھا مہنگائی تو میرا مسئلہ نہیں ہے پھر ان کی حکومت کا کیا مقصد ہوگا ، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو چاہتی ہے ایسی حکومت بنے جو سیاسی انتقام کی بجائے اپنے سیاسی مخالفین کے پیچھے جانے کی بجائے عوام کے مسائل حل کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور دیگر بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے اپنے ویڈیو بیان میں حلقہ این اے127سے بلاول بھٹو زرادری کی حمایت اور جلسہ کرنے کا بھی اعلان کر دیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے بڑوں کے جو تعلقات ہیں اس میں اب نئی نسل حصہ ڈال کر اس میراث کو آگے بڑھا رہی ہے ،ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کو ایسی ماڈرن ریاست بنائیں جو دنیا میں سپیس حاصل کر سکے ،پاکستان کا جو اصل پر امن چہرہ ہے اسے دنیا کے سامنے لایا جائے ، نفرت اور تقسیم کی سیاست سے معاشرے میں نفرت کا جو اضافہ ہوا ہے اس کا مقابلہ کریں ، ہم پر امن طریقے سے نفرت کی سیاست کا مقابلہ کرتے ہوئے نئی سوچ متعارف کرانا چاہتے ہیں جس کی توجہ عوام کی خدمت ہو نہ کہ ذاتی ایجنڈا پرہو ، اس جدوجہد کے ذریعے ہم نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا اصل پر امن چہرہ دنیا کے سامنے لے کر آئیں گے۔