حیدرآباد،پی ٹی آئی کاکنونشن شدیدبدنظمی کاشکار
شیئر کریں
لطیف آباد میں تحریک انصاف کے کنونشن میں بدنظمی، کارکنان کا صحافیوں پر بیہمانہ تشدد، نجی چینل کے رپورٹرز امتیاز کھاوڑ، رانا حنبل سمیت کیمرا مین زخمی، ہسپتال منتقل، ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی غازی صلاح الدین اور راشد خلجی بھی ہسپتال پہنچ گئے، صحافیوں کی وفد کی ایس ایس پی حیدرآباد سے ملاقات، ایس ایس پی کی جانب سے کارروائی کی یقین دہانی، تفصیلات کے مطابق لطیف آباد نمبر 6 میں تحریک انصاف کی جانب سے کنونشن منعقد کیا گیا جس میں اسد عمر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، دوران تقریب کارکنان آپس میں لڑ پڑے جس کی کوریج پر تحریک انصاف کے کارکنان آپے سے باہر نکل گئے اور صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، صحافیوں نے تقریب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کنونشن ہال کے باہر احتجاج کیا تو دوبارہ تحریک انصاف کے کارکنان نے صحافیوں و کیمرا مینوں پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کرتے ہوئے حملہ کردیا جس میں دو نجی ٹی وی چینلز کے رپورٹر امتیاز کھاوڑ، رانا حنبل سمیت کیمرا مین نوید قائمخانی، جمیل پٹھان و دیگر زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی غازی صلاح الدین اور رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی بھی ہسپتال پہنچ گئے اور صحافیوں کی عیادت کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کی، صحافیوں پر تشدد کے خلاف مختلف سیاسی سماجی جماعتوں نے سخت مذمت کی ہے، پیپلزپارٹی سندھ کے اطلاعات سیکریٹری عاجز دھامراہ، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈسٹرکٹ انچارج ظفر صدیقی نے مذمت کی ہے جبکہ پریس کلب حیدرآباد کے صدر لالہ رحمان سمون اور ایچ یو جی حیدرآباد نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس مرکزی نائب صدر عرفان آرائیں، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر شیخ، جنرل سیکریٹری امجد اسلام،جوائنٹ سیکریٹری ندیم اختر، خازن عمران ملک ، ایف ای سی کے ممبران عبداللہ سروہی، عمران پاٹولی، گورننگ باڈی کے اراکین جاوید چنہ، غلام قادر توصیفی و دیگر نے اپنے جاری کردہ بیان میں پی ٹی آئی کے بلدیاتی کنونشن میں صحافیوں، کیمرا مینوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کی موجودگی میں امتیاز کھاوڑ ، رانا حمبل، کیمرا مین جمیل پٹھان، عدنان خان زئی اور دیگر کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا، پی ٹی آئی کے کارکن کھلی بدمعاشی کرتے رہے، کوریج کیلئے جانے والے صحافیوں اور کیمرا مینوں کے موبائل چھینے جاتے رہے، پی ٹی آئی کی قیادت نے کوئی نوٹس نہیں لیا، انہوں نے کہاکہ صحافی اور کیمرا مین اپنی پیشہ وارانہ ذمہ د اریوں کی انجام دیہی میں اس طرح کی بدمعاشی کبھی برداشت نہیں کریں گے، پی ٹی آئی کی مقامی اور صوبائی قیادت اس کا نوٹس لے بصورت دیگر ان کی تقریبات کا بائیکاٹ کیا جائیگا، واقعے کے خلاف حیدرآباد کیمرا مین ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس پریس کلب میں چیئرمین علی نواز کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ جس میں جمعرات کی شب لطیف آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے بلدیاتی کنونشن میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے کیمرا مینز اور صحافیوں پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر پی ٹی آئی کی تقریبات کے بائیکاٹ کا فیصلہ بھی کیا گیا، دوسری جانب عرفان آرائیں، ناصر شیخ ،امجد اسلام، وسیم خان، اصغر کھانوٹھی، سکھر لاشاری، شاہنواز خاصخیلی سمیت دیگر صحافیوں پر مشتمل وفد نے ایس ایس پی حیدرآباد امجد احمد شیخ سے ملاقات کی، ایس ایس پی حیدرآباد نے وفد کو صحافیوں پر تشدد کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی جبکہ ڈی آئی جی حیدرآباد نے بھی زخمی صحافیوں سے معلومات لیکر قانونی کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔