میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
صوبائی سیکریٹری برائے انسانی حقوق بدر جمیل پراسرار گمشدگی کے بعد گھر پہنچ گئے

صوبائی سیکریٹری برائے انسانی حقوق بدر جمیل پراسرار گمشدگی کے بعد گھر پہنچ گئے

ویب ڈیسک
پیر, ۱۳ جنوری ۲۰۲۰

شیئر کریں

حکومت سندھ کے سیکریٹری برائے انسانی حقوق بدر جمیل میندھرو پراسرار گمشدگی کے بعد پراسرار طور پر ہی واپس گھر پہنچ گئے ۔بدر جمیل کو اپنے ہمراہ کون لے گیا تھا اس کا تاحال پتہ نہیں لگ سکا۔تفصیلات کے مطابق پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے سندھ کے سیکریٹری برائے انسانی حقوق بدر جمیل میندھرو ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پی ای سی ایچ ایس میں واقع اپنے گھر پہنچ گئے ، ایس ایس پی شرقی تنویر عالم اوڈھو نے بتایا کہ بدر جمیل کے اہل خانہ نے ان کے گھر پہنچنے کی اطلاع فیروزآباد پولیس کو دی ہے ۔ان کے مطابق بدر جمیل کو کچھ لوگ اپنے ہمراہ گاڑی میں نامعلوم مقام پر لے گئے تھے اور پوچھ گچھ کے بعد چھوڑدیا تاہم انہوں نے اپنی کسی ادارے سے وابستگی ظاہر نہیں کی۔اہل خانہ کا کہنا تھا کہ صوبائی سیکریٹری کی حالت بہتر نہیں ہے اس لیے وہ پولیس افسران سے ملاقات نہیں کرسکتے ۔واضح رہے کہ بدر جمیل گزشتہ روز ڈرائیور کے ہمراہ اپنے گھر سے نکلے اور لاپتہ ہوگئے تھے ، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے 3ضلعوں کے ایس ایس پیز کو ان کی تلاش کا حکم دیا تھا لاپتہ ہونے کے بعد اْن کی آخری لوکیشن ضلع سینٹرل میں آئی تھی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ گوگل میپ کے مطابق جمیل بدر خالد بن ولید روڈ سے روانہ ہوئے اور اْن کا موبائل کے ڈی اے چورنگی کے قریب بند ہوا۔ جمیل بدر کی آخری لوکیشن کے ڈی اے چورنگی سے متصل گلی کی تھی۔بدر جمیل میندھرو ڈی جی کے ڈی اے بھی رہ چکے ہیں ، ان کے خلاف کروڑوں روپے کی خورد برد پر محکمہ اینٹی کرپشن مقدمہ بھی درج کرچکا ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے بھی بدر جمیل کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس اور چیئرمین اینٹی کرپشن سمیت دیگر اداروں کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ اغواء کا کیس ہے تو فوری بازیاب کرایا جائے اوراگر کسی نے گرفتارکیا ہے تو گرفتاری ظاہر کی جائے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں