عمران خان کی جان کو خطرہ، سیکورٹی سخت
شیئر کریں
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سکیورٹی سے متعلق خدشات کے پیش نظر ان کی رہائش گاہ کے باہر سخت انتظامات کرتے ہوئے حفاظتی دیوار بنا دی گئی ہے۔ عمران خان کو اسپیشل برانچ کی جانب سے سکیورٹی الرٹ کے بعد زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ کے باہر مزید سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں عمران خان کے گھر کے دیوار کے ساتھ سکیورٹی کے پیش نظر ریت کے تھیلوں اور سیمنٹ کے بلاکس رکھ کر حفاظتی دیوار بنا دی گئی۔زمان پارک کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ریت کے تھیلوں کی چیک پوسٹیں قائم کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کرتے ہوئے زمان پارک میں سکیورٹی کے لیے مزید کیمرے نصب کردیے گئے ہیں۔ زمان پارک آنے جانے والوں کا ریکارڈ رکھنے کے لیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا۔ پارٹی کی خواتین رہنماؤں کی آمد کے پیش نظر چیکنگ کے لیے خواتین پولیس اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔ سکیورٹی کے معاملے پر سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر نے زمان پارک کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ بھی زمان پارک پہنچے۔،جبکہ خیبرپختونخوا پولیس کے کمانڈوز کو لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سیکورٹی پر تعینات کر دیا گیا ہے۔