میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
خود احتسابی کے عمل نے فوج کے وقار میں اضافہ کیا آفاق احمد

خود احتسابی کے عمل نے فوج کے وقار میں اضافہ کیا آفاق احمد

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۲ نومبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے آرمی چیف کی ہدایت پر کورٹ آف انکوائری کی شفاف تحقیقات اور سفارشات کی روشنی میں متعلقہ افسران کو انکی ذمہ داریوں سے ہٹانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٓارمی چیف کے بروقت اقدام اور خود احتسابی کے عمل نے فوج کے وقار میں اضافہ کیا یہ یقینا ایک مثبت پیش رفت ہے جسکا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں۔ اپنی رہائش گاہ پر ناظم آباد سے آنے والے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ قومی سلامتی کے ذمہ دار تمام ادارے اس وقت ہی ملک کیلئے سود مند ثابت ہوسکتے ہیں جب وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کریں، اگر ادارے ہی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے اپنی حدود پھلانگنے لگیں تو پھر خطرے میں صرف ملکی مفاد پڑتا ہے اور نقصان کسی شخص یا ادارے سے زیادہ ملک کا ہوتا ہے جس کی متحمل اس وقت ریاست نہیں ہوسکتی۔ آفاق احمد نے کہا کہ ماضی میں بیشمار غلطیاں اداروں کے ایک دوسرے کے معاملات میں دخل دینے سے پیدا ہوئیں، آئی جی سندھ کے مبینہ اغوا کے معاملے میں آرمی چیف کے بروقت اقدام نے جہاں وفاقی حکومت کا جھوٹ بے نقاب کیا وہیں اپنی حدود سے ماورا کام کرنے والوں کو بھی واضح انتباہی پیغام دیا جس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔سرکلر ریلوے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ کراچی دنیا کا واحد میگا میٹروپولیٹن شہر ہے جہاں سرکاری سطح پر ٹرانسپورٹ نظام موجود نہیں اور ڈھائی کروڑ عوام دھواں اگلتی منی بسوں اور چنگچی رکشا مافیا کے رحم و کرم پر ہیں ایسی صورتحال میں ماس ٹرانزٹ اور سرکلر ریلوے کو بہت پہلے فعال ہوجانا چاہئے تھا لیکن آج تک ہوسکا نا آئندہ ہوتا نظر آرہا ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ ریلوے نے پیر سے سرکلر ریلوے شروع کرنے کا جو شیڈول دیا وہ حیران کن ہے کیونکہ ابھی تک ٹریک مکمل طور پر بحال ہوسکا نہ اس پر قائم تجاوزات مسمار ہوئیں بلکہ تجاوزات مسماری کے نام پر صرف غریب کے سر سے چھت چھینی گئیں بلند و بالا عمارتیں ابھی تک موجود ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ جسٹس ثاقب نثار کے دور سے آج تک سرکلر ریلوے خود سپریم کورٹ کیلئے درد سر بنا ہوا ہے اس لئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو اب فیصلہ کن احکامات صادر کرنے چاہئے تاکہ عوام کو ٹرانسپورٹ مافیا کی بلیک میلنگ سے نجات اور پرسکون سفری سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے حال پر رحم کھائے اور سرکلر ریلوے کی فعالی و بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں کیونکہ یہ عوام کی بنیادی ضرورت ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں