پی ٹی آئی کو ن لیگ، پیپلز پارٹی کے اکائونٹ تک رسائی
شیئر کریں
الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کو مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کے پارٹی فنڈنگ ریکارڈ تک رسائی دے دی۔پیر کوالیکشن کمیشن میں مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی فارن فنڈنگ کیس پر سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن نے وزیر مملکت فرخ حبیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کے پارٹی فنڈنگ ریکارڈ تک رسائی دے دی۔الیکشن کمیشن نے اپنے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ پیپلزپارٹی اور(ن)لیگ کے خلاف فارن فنڈنگ کیسز پی ٹی آئی کیس سے مماثلت رکھتے ہیں، فرخ حبیب کے ماہرین پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے دستاویزات کا جائزہ لے سکیں گے، فرخ حبیب آٹھ دن تک ماہرین کے ہمراہ دستاویزات کا جائزہ لے سکتے ہیں، وہ 5 دن میں تکنیکی اور مالیاتی ماہرین کے نام دینے کے پابند ہوں گے، ڈپٹی ڈائریکٹر لا اور سیکریسی دستاویزات کے جائزہ کے عمل کی نگرانی کریں گے۔سماعت کے بعد فرخ حبیب نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن میں (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی کو شکست ہوئی ہے،(ن)لیگ کے 7 اور پیپلزپارٹی کے 12 ایسے اکائونٹس نکل آئے ہیں جو الیکشن کمیشن سے چھپائے گئے تھے، الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ(ن)لیگ اور پیپلز پارٹی کے اکائونٹس کی جانچ پڑتال کے لیے ریکارڈ تک رسائی دی جائے۔ الیکشن کمیشن نے فنانشل ایکسپرٹ کے ذریعے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اجازت دی ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے جعلی اکائونٹس سامنے لائیں گے، یہ وہ لوگ ہیں جو التوا کے پیچھے چھپ جاتے تھے لیکن ہم انہیں اب بھاگنے نہیں دیں گے، مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کے ریکارڈ کا جائزہ لے کر الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے۔