کارسرکارمیں مداخلت ،کیپٹن صفدر کی عبوری ضمانت میں توسیع
شیئر کریں
سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر)محمد صفدر کی کار سرکار میں مداخلت اور پولیس سے ہاتھا پائی کے مقدمہ میں عبوری ضمانت میں 26اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔ہفتہ کے روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہورتجمل شہزاد چوہدری نے کیس کی سماعت کی ، کیپٹن (ر)محمد صفدر عدالت میں پیش ہوئے ۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ابھی مقدمہ کی تفتیش کا عمل مکمل نہیں ہوا۔ جبکہ کیپٹن (ر)محمد صفدر کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت ان کے مئوکل کی ضمانت میں توسیع کر دے تاکہ ہم شامل تفتیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا سکیں۔اس پر عدالت نے کیپٹن (ر)محمد صفدر کی عبوری ضمانت میں 26تک توسیع کر دی۔ کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف لاہور کے تھانہ اسلام پورہ میں کارسرکارمیں مداخلت کا مقدمہ درج ہے ۔ جبکہ سماعت کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر)محمد صفدر کا کہنا تھا کہ تین بار کے وزیر اعظم پر جیل میں ٹارچر کیا جارہاہے ۔آزادی مارچ کے قریب آتے ہی مقدمات میں تیزی آگئی۔مولانا فضل الرحمان کی تحریک پاکستان کے آئین کو بچانے کی تحریک ہے ، اس تحریک کے لئے عدالتوں یا جیلوں میں بھی جانا پڑا تو جائیں گے ۔وزیر داخلہ کے بیان پر کمیشن بننا ضروری ہو گیا ہے ۔ وزیر داخلہ کے منہ سے سچ نکل گیا، وزیر داخلہ نے کہا نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی بات نہ کرتے تو چوتھی بار وزیر ا عظم ہوتے ۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے وژن کے ساتھ کہا تھا کہ ووٹ کو عزت دو۔ آزادی مارچ کے حوالہ سے نواز شریف نے ابہام ختم کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے پورا پروگرام لکھ کر حسین نواز شریف کو بھیج دیا ہے او ر وہ ٹی وی کے زریعہ اور سوشل میڈیا کے زریعہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ میں رہیں گے اور بتائیں گے کہ میرے والد کی کیا، کیا ہدایات تھیں۔شہباز شریف نواز شریف کی ہدائت پر چلتے ہیں۔ شہباز شریف وہ قابل احترام بھائی ہیں جو نواز شریف کے کہنے پر کنویں میں بھی چھلانگ لگا سکتے ہیں۔ شہباز شریف کو انڈرایسٹیمیٹ نہ کیا جائے وہ ٹائم بم ہیں اور وقت آنے پر وہ بھی چل پڑیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ تین دفعہ کے وزیر اعظم پر جیل میں ٹارچرکیا جارہا ہے اور خاندان کے لوگوں پر مقدمات بنائے جارہے ہیں۔بیٹی کو بند کر دیا، بھتیجوں کو بند کر دیا، نواز شریف کو بند کر دیا۔