کراچی کا 13 سالہ بچہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے مثال بن گیا
شیئر کریں
حسن عدیل اہم چوراہوںپر عطیات جمع کرنے کے لیے کیمپ لگاتے ہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کے شہری سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بڑھ چڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں، سیلابی صورتحال کے باعث مشکلات میں گھرے ہم وطنوں کی مدد کے لیے جہاں بڑی فلاحی تنظیمیں اور سوشل ورکرز فعال ہیں وہیں کراچی کا ایک 13 سالہ بچہ بھی پیش پیش ہے۔حسن عدیل کی عمر کم لیکن ارادے بہت بلند اور مضبوط ہیں، انہیں پاکستان کا کم عمر ترین سوشل ورکر کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ حسن عدیل بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پورا ہفتہ امدادی سامان جمع کرکے ہفتہ کے اختتام پر متاثرین کے کیمپس کا دورہ کرتے ہیں اور انہیں ضرورت کی اشیائ فراہم کرتے ہیں۔ان اشیا میں خشک خوراک، ادویات، پینے کا صاف پانی، خیمے، پمپرز اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ حسن عدیل کراچی کے اہم چوراہوں اور سڑکوں پر عطیات جمع کرنے کے لیے کیمپ لگاتے ہیں اور نقد عطیات جمع کرنے کے لیے اپنا عطیات کا باکس لے کر شہریوں سے عطیات جمع کرتے ہیں۔حسن عدیل نے 11 سال کی عمر میں دو سال قبل کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھر سے کھانا پکوا کر روزگار کی بندش کی وجہ سے مشکلات کا شکار افراد کو کھانا پہنچاکر سماجی خدمات کا آغاز کیا۔