میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
قائداعظم ؒکی برسی شایان شان طریقے سے منائی گئی

قائداعظم ؒکی برسی شایان شان طریقے سے منائی گئی

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۲ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 73ویں برسی کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری دی۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔اس موقع پرگورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ افغان شہری اپنے ملک کے فیصلے خود کریں، انخلا کے دوران پی آئی اے سب سے زیادہ کام آئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے نے افغانستان میں مسلسل کام کیا اور سہولت کاری کی، سی پیک بننا پاکستان کے لیے انتہائی ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ بہترین دوستی ہو، ہمارے چاروں اطراف ایسی صورتِ حال ہے کہ ہمیں متحد رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ رہا ہے، جس کے لیے پہلی 40 بسوں کی کھیپ جلد کراچی پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر کا وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ افتتاح کریں گے۔عمران اسماعیل نے کہاکہ 2023 کے اختتام سے پہلے کے 4 سے پانی کی فراہمی کراچی کو شروع ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عمر شریف اور دیگر لیجنڈ بیمار ہوتے ہیں تو تکلیف ہوتی ہے، گورنر کے پاس لیجنڈ فنڈ ہوتا تھا، لیکن اب نہیں، وزیرِ اعظم عمران خان جب تک چاہیں گے، عثمان بزدار پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ رہیں گے۔گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کا کے ایم سی ٹیکس کلیکشن میرے مطابق درست نہیں ۔میڈیا سے گفتگو میں وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کو بھی نہیں بھولنا چاہئے، ہم سب قائد کے اصولوں پر چلیں تو یہ ملک ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جن خطرات کا سامنا ہے ان کے لیے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے، ہمیں چاہیئے کہ متحد ہو کر ملک کے مفاد میں کام کریں۔ انہوںنے کہا کہ اس سال بارشوں میں صورتِ حال ماضی کے مقابلے میں بہتر رہی۔مراد علی شاہ نے میڈیا کو گفتگو میں بتایا کہ کراچی میں اورنج لائن کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے کو گرین لائن کے ساتھ شروع کریں گے، ملیر ایکسپریس وے پر بھی کام شروع ہو رہا ہے۔وزیرِ اعلی سندھ نے کہا کہ کراچی میں نالوں کی صفائی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے بارش کا پانی اس مرتبہ اتنا نہیں رکا جو پہلے ہوتا تھا۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک سال پہلے وفاقی حکومت نے کراچی پیکیج کا اعلان کیا تھا، جو سندھ حکومت کا پیکیج میں حصہ ہے اس پر پیش رفت ہوئی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں