سندھ حکومت کے خاتمے پرجماعت اسلامی کا یوم نجات
شیئر کریں
جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے سندھ میں پیپلزپارٹی کے پندرہ سالہ دورحکومت کو سیاہ ترین دورقراردیتے ہوئے ہفتہ کو کراچی تاکشمورصوبہ بھرمیں "یوم نجات” منایا گیا۔ یوم نجات کے سلسلے میں آج کراچی ،دادو،لاڑکانہ،عمرکوٹ، ٹنڈوآدم،رسالدار،جیکب آباد ،کشمور،کندھکوٹ سمیت سندھ کے متعدد مقامات پراحتجاجی مظاہرے سمینار اوراجتماعات منعقد کئے گئے،جن سے جماعت اسلامی کے علاوہ مختلف سیاسی وسماجی رہنما،علمائے کرام اوردانشوروں نے خطاب کیا۔اس موقع پرسندھ حکومت کے سیاہ دور نااہلی،کرپشن کیخلاف قراردادیں منظور جبکہ نا اہل،حرام خور،بے دین قیادت سے نجات اورسندھ دھرتی میں امن خوشحالی وترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔صوبائی امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کراچی قباء آڈیٹوریم میں یوم نجات کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آصف علی زرداری اورمرادعلی شاہ کی قیادت میں پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کا تسلسل کے ساتھ15سالہ دورسندھ کی تاریخ کاسیاہ ترین دور ثابت ہوا ہے جنہوں نے سندھ کی تباہی،کرپشن،اقرباپروری اورسندھ کے وسائل کی لوٹ مارمیں کوئی کسرنہیں چھوڑی۔سندھ کے جزیرے،کارونجھرجبل سے لیکر مردم شماری کے نام پرسندھ کے ساتھ ہونے والے فراڈمرادعلی شاہ کا مجرمانہ کردارناقابل معافی جرم اورقابل مذمت عمل ہے۔تیل گیس کوئلہ اورزراعت کی دولت سے مالامال ہونے کے باوجود سندھ میں غربت ناچ رہے ہیں تھر میں معصوم بچوں کی اموات،بھوک وافلاس سے خودکشیاں،قبائلی خونریزی میں انسانیت کا قتل عام،عوام کی صحت تعلیم اورصاف پانی سمیت انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محرومی آٹا گندم کا بحران پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی نااہلی اوربے رحمانہ کرپشن کا نتیجہ ہے پندرہ سال سے خدمت کے نام پرلوٹ مار کا بازرگرم اورحرا م خوربیوروکریسی کے ساتھ ملکر خودکھائو اورہمیں بھی کھلائو کی پالیسی پرعمل پیرا رہی جس کے نتائج سندھ کی تباہی کی صورت میں عوام کے سامنے ہیں۔سندھ میں عملی طور ڈاکو راج قائم رہا کچے اور پکے کے ڈاکوؤں نے ملکر سندھ کے عوام کو لوٹا ہے۔