میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا اتائیوں کیخلاف کریک ڈائون، 112 کلینکس سیل

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا اتائیوں کیخلاف کریک ڈائون، 112 کلینکس سیل

ویب ڈیسک
هفته, ۱۲ اگست ۲۰۲۳

شیئر کریں

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے مختلف کارروائیوں میں 112 اتائیوں کے کلینکس سیل کردئیے گئے ہیں، اتائیوں کے خلاف کارروائیوں کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کیسز میں حالیہ اضافے کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مختصر مدتی منصوبہ جاری کیا گیا، چیف ایگزیکٹو افیسر ایس ایچ سی سی نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے فیلڈ کی سرگرمیوں میں 100 فیصد اضافہ کرنے کی ہدایات جاری کیں، یہ فیصلہ وزیر صحت اور آبادی بہبود سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کے بڑھتے ہوئے کیسز کی چھان بین اور ان کا مقابلہ کرنے کی ہدایات کے بعد کیا گیا، سی ای او ایس ایچ سی سی کی ہدایت کے مطابق لاڑکانہ ڈویژن میں دو الگ الگ ٹیموں نے کام شروع کر دیا، تشکیل دی گئی ٹیمیں حکمت عملی اور نتائج کا اشتراک کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضلعی انتظامیہ اور ضلعی صحت کے دفاتر کے ساتھ ہفتہ وار میٹنگز کر رہی ہیں، اتائیوں کے کلینکس کو سیل کرنے کے علاوہ کمیشن کی ٹیمیں لاڑکانہ میں صحت کی دیکھ بھال کی مختلف سہولیات میں انفیکشن کی روک تھام اور کنٹرول (IPC) اور طبی فضلے کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے تربیت دینے اور لاگو کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں تاکہ صحت کی خدمات میں انفیکشن کے خطرے کو کم کیا جا سکے، اس مقصد کے لیے ایس ایچ سی سی کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر کلینکس کا دورہ کر رہی ہیں تاکہ آئی پی سی کے اقدامات کی تعمیل کی جانچ کی جا سکے اور اسپتال/کلینک کے عملے کو تربیت کے لیے آگاہی سیشن منعقد کیے جا رہے ہیں، لاڑکانہ میں 2019 میں ایچ آئی وی انفیکشن کے پھیلنے کی اطلاع ملی تھی، جس کی وجہ متعدد عوامل خاص طور پر غیر محفوظ انجیکشنز اور سرنجوں کے دوبارہ استعمال کے ذریعے انفیوڑن کا استعمال تھا، اس کے بعد سے ایس ایچ سی سی ضلع انتظامیہ اور ضلعی صحت کے دفاتر اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بیماری کے کنٹرول اور علاقے میں اس کے پھیلاؤ کی وجوہات اور اسے ختم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ دوسری جانب سی ای او، ایس ایچ سی سی ڈاکٹر احسن قوی نے صحت اور آبادی کی بہبود کے وزیر کی زیر صدارت نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں منصوبے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف اسٹیک ہولڈرز اور محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں، ایس ایچ سی سی کو پرائمری ہیلتھ کیئر (PHC) کی سہولیات کی فہرست مرتب کرنے اور چیک لسٹ تیار کرنے کا کام سونپا گیا تھا، چیک لسٹ جمع کر دی گئی ہے اور اسے مستقبل قریب میں محکمہ صحت اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرے گا، دریں اثنائ￿ جولائی 2023 کے مہینے کے دوران، ایس ایچ سی سی نے سندھ میں 561 کلینکس کا معائنہ کیا جس میں سے 112 کلینکس کو سیل کر دیا، جب کہ عدم تعمیل پر 226 وارننگز جاری کی گئیں اور 73 گئی کلینکس کو دوبارہ سیل کیا گیا۔اب تک ایس ایچ سی سی کے شعبہ شکایات کو 292 شکایات موصول ہوئیں جس میں سے 216 شکایات کا ازالہ کیا گیا اور 76 شکایات پر کارروائی جاری ہے، جولائی میں ٹیم نے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک، بدین اور مرشد ہسپتال، کراچی میں معائنہ کیا، گزشتہ ماہ ایس ایچ سی سی نے ڈاکٹر عشرت العباد خان انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز، کراچی اور جویریہ کلینک حیدرآباد کو باقاعدہ لائسنس جاری کیا ہے، 7 صحت کے مراکز کو عارضی لائسنس جاری کیے گئے اور 48 مراکز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں