ایم کیو ایم لندن کی سرگرمیوں کو بریک لگ گیا،آفتاب بقائی نامعلوم مقام پر منتقل
شیئر کریں
متحدہ قومی موومنٹ لندن کی ایڈوائزری کمیٹی کے سابق انچارج آفتاب بقائی کو گلشن اقبال میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا گیا آفتاب بقائی نے 5 روز قبل محمود آباد میں متحدہ لندن کے کارکنوں کا ایک اہم اجلاس کی صدارت کی تھی مذکورہ اجلاس کے دو روز بعد ہی متحدہ لندن نے ایڈوائزری کمیٹی کو تحلیل کردیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ لندن کی جانب سے جاری سرگرمیوں پر اچانک گرفتاریوں کے بعد بریک لگ گیا ہے اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز گلشن اقبال سے متحدہ لندن کی ایڈوائزری کمیٹی کے سابق انچارج آفتاب بقائی کو ان کے گھر سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ذریعے کا کہنا ہے کہ متحدہ لندن کی قیادت نے اتوار کے روز ہی ایڈوائزری کمیٹی کو تحلیل کردیا تھا ذریعے کا کہنا ہے کہ آفتاب بقائی متحدہ لندن کی قیادت کے حکم پر کراچی میں فعال ہوئے تھے اور انہوں نے متحدہ لندن کے کارکنوں سے رابطے شروع کئے جس کے بعد اچانک ہی کراچی اور حیدرآباد کے علاوہ اندرون سندھ میں متحدہ لندن کی چاکنگ اور الطاف حسین کی تصاویر والے بینر لگنا شروع ہوگئے تھے ذریعے کا کہنا ہے کہ آفتاب بقائی نے 5 روز قبل محمود آباد میں متحدہ لندن کے محمود آباد سیکٹر کا ایک اہم اجلاس بلایا تھا جس کی انہوں نے باقاعدہ صدارت کی تھی ذریعے کا کہنا ہے کہ آفتاب بقائی نے اسی طرح کراچی میں متحدہ لندن کے دیگر سیکٹروں میں بھی اہم اجلاس کرنے تھے لیکن متحدہ لندن نے اچانک ناصرف ایڈوائزری کمیٹی تحلیل کردی بلکہ آفتاب بقائی کی جانب سے جو اجلاس کی پلاننگ کی گئی تھی اس کو بھی فوری طورپر ختم کردیا ذریعے کا کہنا ہے کہ آفتاب بقائی متحدہ لندن کے کراچی میں روپوش کارکنوں کے رابطے میں آگئے تھے اور خفیہ طورپر متحدہ لندن کو فعال کررہے تھے ذریعے کا کہنا ہے کہ آفتاب بقائی کے پاس متحدہ لندن کو کراچی میں فعال کرنے کا پورا پروگرام تھا اہم ذریعے کا دعویٰ ہے کہ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ متحدہ لندن کی کورنگی سیکٹر نے اتوار کے روز جو ریلی نکالی اس کو مینیج بھی آفتاب بقائی نے کیا تھا معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ریلی میں ایسے کارکنوں اور ہمدردوں کو شریک کرانے کی تجویز آفتاب بقائی کی جانب سے دی گئی تھی جن پر ماضی میں کوئی مقدمہ نہ ہو تاکہ اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہو تو ان کی ضمانتیں آسانی سے ہوجائیں ذریعے کے بقول ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ زمان ٹائون پولیس نے متحدہ لندن کی ریلی نکالنے کے مقدمے میں جن کارکنوں کو گرفتار کیا تھا ان کی ضمانتیں منظور ہوگئی ہیں۔