اردوان نے خلافت عثمانیہ کی یاد تازہ کردی، پرویز الہٰی کا ترک صدر کو خراج تحسین پیش
شیئر کریں
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے مسجد کی بحالی پر ترک صدر رجب طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 15ویں صدی کی عظیم یاد گار مسجد کو دوبارہ بحال کرکے ترک صدر نے جرات مندانہ فیصلہ کیا۔انہوں نے رجب طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس فیصلے سے خلاف عثمانیہ کے دور کی یاد تازہ ہوگئی ہے۔پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان کو میوزیم آیا صوفیہ کو دوبارہ مسجد کا درجہ بحال کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔حکمران اتحاد میں شامل جماعت مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما نے یہ بھی کہا کہ آیا صوفیہ مسجد دنیا بھر کے مسلمانوں کا ثقافتی ورثہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 1453میں سلطان محمد فاتح دوئم کے دور میں قائم کردہ اس مسجد کو 1935میں میوزیم بنا دیا گیا تھا۔پرویز الہٰی نے کہا کہ حالیہ عدالتی فیصلے سے نہ صرف ترک عوام بلکہ تمام امت مسلمہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اس سیقبل اسپیکر پنجاب اسمبلی نے دارلحکومت اسلام آباد میں نئے مندر کی تعمیر کو ریاست مدینہ کی توہین قرار دیا تھا۔چوہدری پرویز الہٰی نے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیا مندر بنانا اسلام کی روح کیخلاف ہے بلکہ یہ ریاست مدینہ کی بھی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ فتح مکہ کے موقع پر خاتم النبیّین حضرت سیدنا محمد رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللّٰہ عنہ کے ساتھ بیت اللّٰہ شریف میں موجود 360 بتوں کو توڑا تھا، اور ساتھ ہی یہ بھی فرمایا تھا کہ ’’حق آیا اور باطل مٹ گیا بیشک باطل مٹنے ہی والا تھا‘‘۔