آٹا، میدہ سمیت کسی کھانے کے آئٹم پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا ہے، چیئر مین ایف بی آر
شیئر کریں
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے واضح کیا ہے کہ آٹا، میدہ، سوجی اور دال کسی کھانے کے آئٹم پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا ہے،قومی شناختی کارڈ کی شرط صرف سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ 47 ہزار افراد کیلئے ہے لہٰذا شناختی کارڈ کامسئلہ ختم ہوچکا اس پر کوئی مسئلہ نہیں ہے،چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس اسکیم لانے کو تیار ہیں جس سے ان کا شناختی کارڈ کا مسئلہ نہیں ہوگا اور مزید آسانی ہوگی،گاڑیوں کے ٹیکس میں ہم نے کوئی تبدیلی نہیں کی اور اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ اگر آٹے اور میدے پر ٹیکس لگا ہوتا تو اس کا جواب دہ ہوتا، بغیر ٹیکس لگائے روٹی کی قیمت بڑھی ہے تو اس کا ہم سے کوئی تعلق نہیں، اس حوالے سے وزیراعظم سے بات ہوگی۔شبر زیدی نے بتایا کہ گزشتہ رات کراچی کے تاجروں، فیصل آباد چیمبر اور اپٹما کے لوگوں سے ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی اور زیرو ریٹنگ اورشناختی کارڈ کے معاملے پر مذاکرات ہوئے ہیں، اپٹما کا مطالبہ ہے کہ درآمدی یارن کو ڈی ٹی آر ای کی سہولت دی جائے۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ کسی سیکٹر کے ساتھ کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہیم سیلز ٹیکس سے متعلق افواہیں پھیلائی جارہی ہیں ، قومی شناختی کارڈ کی شرط سے متعلق بھی غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں، لوگ شناختی کارڈ کی آڑ لے کر مختلف چیزوں کو کور کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم ہم نے تمام چیزوں کو الگ کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ قومی شناختی کارڈ کی شرط صرف سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ 47 ہزار افراد کے لیے ہے لہٰذا شناختی کارڈ کامسئلہ ختم ہوچکا اس پر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔چیئرمین ایف بی آر کا چھوٹے دکانداروں کے لیے کہنا تھا کہ ہم چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس اسکیم لانے کو تیار ہیں جس سے ان کا شناختی کارڈ کا مسئلہ نہیں ہوگا اور مزید آسانی ہوگی۔موبائل ٹیکس کے حوالے سے شبر زیدی نے کہ کہا کہ بے شمار موبائل ایسے ہیں جو بغیر کسی ڈیوٹی کے امپورٹ ہوئے، ان کی تعداد لاکھوں میں ہے، اس طرح کے موبائلوں پر 20 ہزار روپے جرمانہ بنتا ہے لیکن موبائل ڈیلرز اسے 400 روپے کرنے کا کہہ رہے ہیں۔گاڑیوں کے ٹیکس سے متعلق چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ گاڑیوں کے ٹیکس میں ہم نے کوئی تبدیلی نہیں کی اور اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔