صوبوں کو وفاق سے ملنے والی رقم میں 17فیصد اضافہ
شیئر کریں
اگلے مالی سال میں صوبوں کو وفاق کی جانب سے تقسیم کی جانے والی رقم سے 17 فیصد زیادہ حصہ ملنے کا امکان ہے کیونکہ حکومت نے گزشتہ سال کے 35کھرب 11ارب روپے کے مقابلے میں 40کھرب 99ارب روپے چار وفاقی اکائیوں کو منتقل کرنے کا تخمینہ لگایا ہے۔مالی سال 23-2022 کے وفاقی بجٹ کی دستاویز کے مطابق ہمیشہ کی طرح پنجاب کو قابل تقسیم رقم سے 50فیصد سے زائد حصہ ملے گا جبکہ بقیہ رقم بقیہ تین صوبوں میں تقسیم کی جائے گی۔بجٹ دستاویز کے مطابق یکم جولائی سے شروع ہونے والے آئندہ مالی سال کے کل 40کھرب 99ارب روپے کے تخمینے کے حامل وفاقی تقسیم شدہ پول میں سے پنجاب کو 20کھرب 29ارب روپے ملیں گے، اس کے بعد سندھ کو 10کھرب 29ارب روپے ملیں گے۔دو دیگر چھوٹے صوبوں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو بالترتیب 670.46 ارب روپے اور 370.23 ارب روپے ملیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں صوبوں کو وفاق سے تقسیم شدہ پول سے 35کھرب 11ارب روپے ملے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے صوبوں کے حصے کا تخمینہ 34کھرب 11ارب روپے لگایا تھا۔30جون کو ختم ہونے والے مالی سال میں پنجاب کو وفاقی تقسیم شدہ پول سے 17کھرب 40ارب روپے کا بڑا حصہ ملا تھا، تقسیم شدہ پول میں سندھ کا حصہ 873 ارب روپے تھا، اس کے بعد خیبر پختونخوا کے لیے 575 ارب روپے اور بلوچستان کے لیے 322 ارب روپے تھے۔صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کا طریقہ کار آئین کے آرٹیکل 160 میں بیان کیا گیا ہے، جو کہ پانچ سال سے زیادہ کے وقفوں کے ساتھ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے قیام کی سہولت فراہم کرتا ہے۔