سابق حکومت نے ملک کی معیشت کا بہت نقصان کیا ، احسن اقبال
شیئر کریں
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی و اصلاحات خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے ملک کی معیشت کا بہت نقصان کیا ، 2018میں نیا پاکستان کے نام پر ایک اناڑی نے ملک کو پیچھے دھکیل دیا ، پاکستان کے مستقبل کا دارومدار نوجوانوں پر ہے ، حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں نوجوانوں کے لئے ایک خطیر رقم مختص کی ہے۔ہفتہ کو نارووال میں پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ 2018میں نیا پاکستان کے نام پر ایک اناڑی نے ملک کا نقصان کیا اور ملک کو 75 سال پیچھے دھکیل دیا ، اس اناڑی کو یہ بھی پتا نہیں تھا کہ حکومت کس طرح چلائی جاتی ہے اور ملک کو کس طرح ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2013میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں وڑن 2025بنایا تھا جس میں ملک کی ترقی کی سمت متعین کر دی گئی تھی ، اگر اس وڑن پر عمل ہوتا تو آج ملک دنیا کے 10 ٹاپ ترین اور معیشت کے 25 ممالک کی لسٹ میں شامل ہوتا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بحیثیت قوم سنجیدگی کے ساتھ سوچنا ہو گا کہ کیا اس سفر کو جس طرح 75 سال چلایا ہے مزید جاری رکھ سکتے ہیں یا ہمیں نیا راستہ اپنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسی لیے نیشنل چارٹر آف اکانومی کی بات کی ہے۔