سپر ہائی وے مویشی منڈی میں جانوروں کی آمد میں تیزی
شیئر کریں
سپر ہائی وے مویشی منڈی میں قربانی کے لئے لائے جانوروں میں تیزی آگئی ،منڈی میں جانوروں کی تعدا د 23 ہزار سے زائد ہو چکی ہے ،منڈی انتظامیہ نے ویٹنری ڈاکٹر کی مذید ٹیمیں تعینات کر دی ہیں ۔ ایڈ منسٹریٹر مویشی منڈی کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتے ،جب تک ڈاکٹر اطمینان نہیں کر لیتے جانور کو منڈی میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی ، سی سی ٹی وی نصب کر لئے گئے ہیں اور عوام کی بہتری کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق ایشیا کی سب سے بڑ ی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد میں مزید تیزی آگئی ہے ،سپر ہائی وے مویشی منڈی ترجمان خرم جعفرانی کا کہنا ہے کہ منڈی انتظامیہ نے مارشلنگ ایریا میں ویٹنری ڈاکٹر کی مزید ٹیموں کو تعینات کیا ہے جو دن رات کام کر رہی ہیں ،جیسے جیسے عید الاضحی قریب ہوتی جائے گی قربانی کے جانوروں کی آمد میں تیزی آتی جائے گی دریں اثنامویشی منڈی سپر ہائی وے پر پارکنگ ایریا کے لیے 30 ایکڑ سے زائد رقبہ مختص کردیا گیا،حساس مقامات پر چار واک تھرو گیٹ نصب کیئے جارہے ہیں،رہائشی سوسائٹیز کے لوگوں کو سہولیات دے رہے ہیں،سیکڑوں پاسز بن رہے ہیں جو پروسس میں ہیں،مویشی منڈی کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر دن اور رات میں ڈیڑھ سو سے زائد لیبر تعینات ہے،عوام کی شکایات کا ازالہ پہلی ترجیح ہے،مویشی منڈی سپر ہائی وے میں میٹرو مینٹینس سروسز پرائیوٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راجہ نجیب نے میڈیا سے خصوصی بات چیت میں بتایا کے ہمارے لیئے مویشی منڈی میں عوام کو سہولت دینا سب سے بڑا چیلنج ہے۔