شوکت عزیز انٹیلی جنس اہلکاروں سے ملتے رہے، تقریر میں بغض نکالا، جسٹس بندیال
شیئر کریں
سپریم کورٹ کے جج جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ ہمیں ملک کے اداروں کا دفاع کرنا ہے، اداروں کا تحفظ ہم نہیں کریں گے تو کون کریگا۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے سابق جج شوکت عزیز صدیقی برطرفی کیس کی سماعت کی۔شوکت عزیز کے وکیل حامد خان نے کہا کہ یہ ریفرنس صدر مملکت نے نہیں بھیجا تھا، سپریم جوڈیشل کونسل نے خود نوٹس لے کر شوکاز نوٹسز اور ان کے جوابات کی بنیاد پر جج کو برطرف کیا۔وکیل حامد خان نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ صدارتی ریفرنس کا حوالہ دیا تو جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ وقت قلیل ہے اتنی تفصیل میں مت جائیں، اس تقریر کا ہونا، اس کا متن، اس کے حقائق سب معلوم ہیں، آپ نے تقریر میں اپنا بغض نکال دیا، آپ نے لوگوں کے بارے میں شکایتیں کرنے کے لیے پبلک فورم چنا، ہمیں ملک کے اداروں کا دفاع کرنا ہے، اداروں کا تحفظ ہم نہیں کریں گے تو کون کرے گا، ادارے پر حملے کی صورت میں شکایت کے لیے اندرونی طریقہ کار موجود تھا، یہ نئی روش شروع ہوئی ہے کہ سب کچھ پبلک کر دیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ صرف دو سوالوں کے جواب دیں، کیا یہ تقریر جج کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی تھی یا نہیں، ہمیں یہ بھی سمجھا دیں کہ کونسل کو مزید انکوائری کی ضرورت تھی یا نہیں؟۔جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ شوکت عزیز صدیقی چیف جسٹس کو رپورٹ بھیجتے تو وہ اس پر ایکشن لیتے، انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا، اگر مداخلت کی بات ہے تو عدلیہ کی آزادی کے کئی اور پہلو بھی ہیں، اگر ایک جج غلط کرتا ہے تو پوری عدلیہ کا ٹرائل شروع ہو جاتا ہے، شوکت عزیز صدیقی کا مداخلت کے لیے پبلک فورم کا استعمال غلط تھا، وہ خاموشی سے انٹیلی جنس اداروں کے اہلکاروں سے ملتے رہے، وہ اگر بنچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کو خط لکھ سکتے تھے تو اس معاملے پر کیوں نا لکھا۔وکیل حامد خان نے اپنے موکل کا بیان بتایا کہ مجھے اجازت دینی چاہئے تھی کہ تقریر کا مقصد بتاتا، میری تقریر کا مقصد عدلیہ کو بدنام کرنے کی نہیں نظام کو بہتر کرنے کی تھی، سپریم جوڈیشل کونسل کو خطرہ تھا کہ اگر انکوائری شروع ہوئی تو میرا موکل جرنیلوں کو بلانے کا کہے گا، اسی خطرے سے بچنے کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل نے میرے خلاف ایسے باتیں کی۔جسٹس عمر عطا نے کہا کہ ہمیں 30 جون کا خیال ہے، آرڈر کر رہے ہیں کہ جیسے ہی بنچ دستیاب ہو گا مقدمہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔