میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
روایتی حج اس سال نہیں ہو گا نور الحق قادری

روایتی حج اس سال نہیں ہو گا نور الحق قادری

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۲ جون ۲۰۲۰

شیئر کریں

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ اس سال ہونے والا حج روایتی حج نہیں ہو گا۔تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور میں حج سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری،سیکریٹری مذہبی امور،ڈی جی حج جدہ ابرار مرزا اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں حج 2020 کی ادائیگی کے حوالے سے تمام ممکنہ انتظامات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ حج ادائیگی کے لیے مختلف امکانات پر تفصیلی غورکر رہے ہیں ، اس سال ہونے والا حج روایتی حج نہیں ہو گا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی حکومت کا حج طریقہ کار سے متعلق فیصلہ 15 جون تک متوقع ہے،کورونا وبا کے تناظر میں حجاج کرام کے لیے سعودی عرب اور پاکستان میں کئی حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے۔پیر نور الحق قادری نے کہا کہ اگر سعودی عرب اپنے فیصلے میں حجاج کرام کی تعداد اور سفر حج کے دورانیہ میں کمی کرتا ہے تو دیکھنا ہوگا اس سے حج پیکیج پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکام اور دیگر مسلم ممالک سے حج کے انعقاد کے معاملے پر مسلسل رابطے میں ہیں۔ یقین ہے کہ سعودی عرب حجاج کرام کی سہولت اورحفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین فیصلہ کرے گا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اس سلسلے میں عالمی ادارہ صحت نے سعودی حکام کو حفاظتی اقدامات تجویز کئے ہیں۔وزارت مذہبی امور اور دفتر امورحجاج پاکستان کسی بھی ممکنہ فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تمام تر تیاری جاری رکھے ہوئی ہیں۔پیر نور الحق قادری نے کہا کہہ سعودی حکومت کا حج کرنے یا حج موقوف کرنے کا فیصلہ 15 جون تک متوقع ہے۔اجلاس میں عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کے مطابق صرف 20 سے 50 سال کے عازمینِ کرام کو سعودی عرب بھیجنے پر بھی مشاورت کی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز احمد خان نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور حج انتظامات کے حوالے سے ہر قسم کے ہنگامی حالات کے لیے تیار ہے۔ ہم اپنے حجاج کرام کے محفوظ حج کی ادائیگی کے لیے دن رات کام کریں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں