شوکت ترین بتائیںپیٹرول سبسڈی کیلئے کون سااورکہاں پیسہ چھوڑکرگئے، مفتاح اسماعیل
شیئر کریں
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے سابق ہم منصب شوکت ترین کو چیلنج دیتے ہوئے کہاہے کہ جنہوں نے آئی ایم ایف سے جھوٹ بولے، وہ قوم سے سچ بھلا کیسے بول سکتے ہیں؟ ابسلوٹی ناٹ ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ شوکت ترین سچ بولیں، قوم کو بتائیں وہ پٹرول پر سبسڈی دینے کے خلاف تھے ،شوکت ترین سچ بولیں تو بہتر ہے کیونکہ ریکارڈ سچ بول رہا ہے، کئی گواہ موجود ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ شوکت ترین نہ شرمائیں ، قوم کوسچ بتائیں کہ عمران خان نے انہیں مجبور کیا تھا ،گواہ موجود ہیں کہ شوکت ترین پٹرول پر سبسڈی دینے کے فیصلے سے لاعلم تھے ۔ انہوںنے کہاکہ گواہ موجود ہیں کہ پٹرول پرسبسڈی دینے کا حکم عمران خان نے دیا تھا ، وزیراعظم ہائوس کا ایک افسرعمران خان کا یہ حکم لے کر شوکت ترین کے پاس آیا تھا ، اصل حقائق کیا ہیں؟ریکارڈ گواہی دے رہا ہے لہذا شوکت ترین بھی سچ بولیں ۔ انہوںنے کہاکہ بتائیں ، پٹرول سبسڈی کے لئے کون سا اور کہاں پیسہ چھوڑا تھا ؟ ،حقائق شوکت ترین کی تردید کرتے ہیں کہ وہ پٹرول سستا کرنے کے بعد فنڈنگ چھوڑ کر گئے تھے ۔ انہوںنے کہاکہ شوکت ترین کوئی فنڈنگ چھوڑ کر گئے تھے نہ ایسا کوئی انتظام کیا تھا ،سبسڈی کے سیاسی اعلان پر اب جھوٹ کے پردے گرانا مزید افسوسناک ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ریکارڈ چیخ چیخ کر گواہی دے رہا ہے کہ اس فیصلے سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے لئے بارودی سرنگ بچھائی گئی تھی۔ انہوںنے کہاکہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے وعدہ کیا تھا کہ پرائمری بجٹ 25 ارب روپے کا ہوگا،شوکت ترین پرائمری بجٹ 54 فیصد زیادہ چھوڑ کر گئے ہیں، پاکستان کے مفاد پر اْن کو سیاست نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی1300 ارب کا پرائمری خسارہ چھوڑ کر گئی ہے ،پی ٹی آئی وفاق کا مجموعی خسارہ 5600 ارب چھوڑ کر گئی ہے ،عمران خان کی قیادت میں شوکت ترین اپنے پیچھے بہت زیادہ خسارہ چھوڑ کر گئے ہیں ،عمران خان تو سچ بول نہیں سکتے، شوکت ترین سے توقع نہیں کہ وہ اتنا جھوٹ بولیں گے۔