میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اسلام آباد میں تاریخ ساز بیٹھک، امریکا اور ایران میں مذاکرات کے 2 ادوار مکمل

اسلام آباد میں تاریخ ساز بیٹھک، امریکا اور ایران میں مذاکرات کے 2 ادوار مکمل

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۲ اپریل ۲۰۲۶

شیئر کریں

اسلام آباد میں تاریخ ساز بیٹھک، امریکا اور ایران میں مذاکرات کے 2 ادوار مکمل،فریقین محتاط،پرامید،کاغزات کا تبادلہ ،ٹیکنیکی گفتگو آج
مذاکرات کے پہلے مرحلے میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں، دوسرے مرحلے میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان براہِ راست مذاکرات شروع ہوئے
تکنیکی نوعیت کے مذاکرات میں سینئر حکام شریک ہوں گے ،تہران کی تجاویز میںآبنائے ہرمز، جنگی نقصانات کا معاوضہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی واگزاری اور پورے خطے میں جنگ بندی شامل

امریکا اور ایران کے درمیان تاریخ ساز مذاکرات کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جو انتہائی محتاط رویہ کے ساتھ پرامید رہا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز (11؍ اپریل) کو دار الحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع سرینا ہوٹل میں میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان ثالث کی حیثیت سے شریک تھا، جہاں دو ادوار پر مشتمل باضابطہ مذاکرات مکمل ہوئے،بعد ازاں ورکنگ ڈنر کے بعد امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان ابتدائی بات چیت اختتام پزیر ہو گئی۔ اس دوران میں کاغذات کا تبادلہ ہوا اور تکنیکی سطح کے مذاکرات آج کرنے پر اتفاق ہوا۔ مبصرین کے مطابق مذاکرات کے دوران دونوں فریق نہایت محتاط مگر پرامید دکھائی دیے۔ تفصیلات کے مطابق مذاکرات کے پہلے مرحلے میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں، دوسرے مرحلے میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان براہِ راست مذاکرات شروع ہوئے ۔نائب امریکی صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے ایرانی وفد سے ملاقات کی، امریکی وفد نے محمد باقر قالیباف اور عباس عراقچی سے براہِ راست بات چیت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر کی موجودگی میں ہوئی۔بعدازاں عشائیہ کے بعد بھی گفتگو کا ایک مرحلہ ہوا، تاہم تکنیکی نوعیت کے مذاکرات اگلے روز پر ملتوی کیے گئے۔ جس میں سینئر حکام شریک ہوں گے اور مذاکرات کی دیگر تفصیلات اور باقی معاملات پر حتمی بات چیت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اب تک مذاکرات کا مجموعی ماحول مثبت رہا ہے ، نتائج بھی مجموعی طور پر حوصلہ افزا قرار دیے جا رہے ہیں۔ مذاکرات سے قبل ایران اور امریکا کے وفود نے وزیر اعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امن کی صورتِ حال پر غور کیا گیا۔اس سے قبل امریکی اور ایرانی وفود نے الگ الگ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے حوالے سے ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو تہران کی تجاویز اور اس کی "سرخ لکیروں”سے آگاہ کر دیا گیا ہے ، جن میں آبنائے ہرمز، جنگی نقصانات کا معاوضہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی واگزاری اور پورے خطے میں جنگ بندی شامل ہے ۔ ایرانی وفد نے رات گئے اسلام آباد پہنچنے کے بعد پاکستانی آرمی چیف سے بھی ملاقات کی تھی۔واضح رہے کہ 1979 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست اعلیٰ ترین سطح پر بیٹھک ہوئی ہے ۔ ان مذاکرات کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام نے مہمانوں کا دارالحکومت میں خیر مقدم کیا ۔ امریکی وفد میں نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں۔ ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں