پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کرائے 40 فیصد کم کرنے کا اعلان
شیئر کریں
حکومت کی ڈیزل قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے،صدر پاکستان گڈزٹرانسپورٹ
مٹی کا تیل،لائٹ ڈیزل سستا ہوگیا،پیٹرولیم ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے 40 فیصد کم کرنے کا اعلان ہوگیا۔ لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں فوری طور پر 25 فیصد کمی کرنے کا اعلان کردیا،متعدد نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے بھی کرایوں میں25فیصد کمی کردی۔ مزدا ٹرکوں کے کرایوں میں بھی 25 فیصد کمی ہوگئی۔ گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی فوری کرائے40 فیصد کم کرنے کا اعلان کردیا، صدر پاکستان گڈزٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان بھرمیں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے فی الفور 40 روپے کم کردیے گئے ہیں، حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل بھی سستا ہوگیا،پیٹرولیم ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے 83 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، پیٹرول کی نئی قیمت 366 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ ڈیزل 134 روپے 81 پیسے فی لیٹرسستا کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 17 روپے 33 پیسے کمی کر دی گئی، نئی قیمت 450 روپے 15 پیسے ہو گئی۔ لائٹ ڈیزل آئل فی لیٹر 25 روپے 31 پیسے سستا کر دیا گیا۔ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 369 روپے 72 پیسے مقرر کر دی گئی، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو چکا ہے۔


