میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شہباز شریف کا دھمکی آمیزخط کی تحقیقات کااعلان

شہباز شریف کا دھمکی آمیزخط کی تحقیقات کااعلان

ویب ڈیسک
منگل, ۱۲ اپریل ۲۰۲۲

شیئر کریں

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے مبینہ امریکی خط کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے تمام حقائق کو قوم کے سامنے لایا جائے گا، سی پیک کو پاکستان سپیڈ سے آگے بڑھائیں گے، ملک میں کوئی غدار تھا نہ کوئی ہے، معیشت کو آگے بڑھانے کیلئے مذاکرات سے کام لیں گے، اتحاد کے ساتھ ملکی معیشت کو بچائیں گے، قومی اسمبلی میں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان سے اپنے پہلے خطاب میں میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے آج بچا لیا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے سے حق کو فتح اور باطل کو شکست ہوئی ہے۔ آج عظیم دن ہے کہ اس ایوان نے سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بجھوا دیا ہے۔ اسی وجہ سے آج روپیہ اوپر گیا ہے۔ ڈالر 190 سے 182 پر آگیا ہے، جس سے عوام کا اس ایوان پر اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ میں سپریم کورٹ کو اپنی اور اس ایوان کی طرف سے مبارکباد دیتا ہوں کہ اس نے آئین شکنی کو کالعدم قرار دیا اور نظریہ ضرورت کو دفن کردیا اور اب کوئی نظریہ ضرورت کا سہارا نہیں لے سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک ہفتے سے ڈرامہ چل رہا تھا ، جھوٹ کے اوپر جھوٹ بولا جارہا تھا کہ ایک خط آیا ہے۔ خط کے حوالے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جانا چاہیے۔شہباز شریف نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ ان کی ملاقاتیں سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے مارچ کے شروع میں ہوئیں۔ 3 مارچ کو مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد ہم پی ڈی ایم کے فورم پرگئے جہاں متفقہ طورپر عدم اعتماد کی تحریک لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس پارلیمان کے تمام اراکین کو معلوم ہونا چاہیے کہ حقیقت کیا ہے بطور وزیراعظم پارلیمان کی سلامتی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں یہ معاملہ رکھیں گے۔ اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان ، ڈی جی آئی ایس آئی اور اس سفیر کو بھی بلائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر اس حوالے سے ہم پر خدانخواستہ ہم پر کوئی چیز ثابت ہوگئی تو فوراً استعفیٰ دے کر گھر چلا جائوں گا۔ شہباز شریف نے کہاکہ وہ حلف اٹھانے کے بعد پہلی فہرست میں پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس بلائیں گے۔ شہباز شریف نے اس موقع پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہر قدم پر ان کی رہنمائی کی۔ شہباز شریف نے کہاکہ سوشل میڈیا، نیشنل پریس کلب، سول سوسائٹی اور جمہوریت پسند شہریوں نے جمہوری عمل کو آگے بڑھانے میں بھرپور معاونت کی۔ پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار کونسل اور تمام بارز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ بار سمیت بڑی بارز نے ازخود غیر آئینی اقدامات کو چیلنج کیا جس پر ان کا مشکور ہوں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں