دھمکی آمیز خط کی تحقیقات سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار
شیئر کریں
اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کے حوالے سیدائر کی گئی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے درخواست گزار پر جرمانہ عائد کردیا۔پیر کو درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں مبینہ امریکی دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کے معاملے اور عمران خان ،فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت درخواستگزار مولوی اقبال حیدر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اپوزیشن جماعتوں نے 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی، وزیراعظم 27 مارچ تک اس معاملے پر خاموش رہے، بعدازاں انہوں نے کہا کہ انہیں دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے۔دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے آپ اسے کیوں سیاسی کرنا چاہتے ہیں یہ خط نہیں کیبل تھا، خط اور کیبل میں فرق ہوتا ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ اخبارات، میڈیا میں ہر جگہ اسے خط لکھا جا رہا ہے، جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے دوبارہ استفسار کیا کہ یہ ایک حساس نوعیت کا معاملہ ہے آپ اسے کیوں سیاسی کرنا چاہتے ہیں؟عدالتی استفسار پر درخواست گزار کے مطابق جو کچھ ہوا اس پر بطور شہری رنجیدہ ہوں، اس معاملے میں امریکا کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔درخواست گزار مولوی اقبال حیدر نے کہا کہ اس سے پہلے پرویز مشرف نے بھی آئین شکنی کی تھی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان منتخب وزیراعظم تھے پلیز ان کا موازنہ جنرل پرویز مشرف کے ساتھ موازنہ نہ کریں۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سیکرٹری داخلہ عمران خان کی حکومت گرانے سے متعلق مبینہ دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کرائیں،وفاق کی ذمہ داری تھی کہ وہ معاملے کی تحقیقات کراتے، وفاق کو معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے کر جانا چاہیے تھا۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عمران خان، فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کیے جائیں۔